Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ٹک ٹاک پر دھمکی، متعدد امریکی ریاستوں میں کلاسز معطل

متعدد امریکی ریاستوں میں سکولوں کی سکیورٹی بڑھادی گئی ہے (فائل فوٹو: اے ایف پی)
امریکہ کی متعدد ریاستوں میں سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹک ٹاک پر تعلیمی اداروں پر حملے کی دھمکیوں کے بعد کلاسز معطل کردی گئی ہیں اور سکیورٹی بڑھا دی گئی ہے۔
امریکی ٹیکنالوجی ویب سائٹ ’دا ورج‘ کے مطابق کیلیفورنیا، ٹیکساس، مینیسوٹا اور میزوری میں متعدد اضلاع نے ان دھمکیوں کے بعد جمعے کے روز کلاسز کو معطل کردیا ہے۔
برطانوی اخبار ’دا گارجین‘ کے مطابق ٹک ٹاک پر مبینہ طور پر امریکہ بھر میں سکولوں پر فائرنگ اور دھماکے کرنے کی دھمکی دی گئی تھی اور اس وجہ سے متعدد ریاستوں میں تعلیمی اداروں کی سکیورٹی بڑھادی گئی ہے۔
امریکی ریاست ایلانوئے میں ایک سکول نے والدین کو ایک ای میل میں اطلاع دی کہ ٹک ٹاک پر 17 دسمبر کو امریکی سکولوں اور حملوں کے حوالے سے ایک ٹرینڈ چل رہا ہے۔
تاہم میڈیا میں آنے والی اطلاعات کے مطابق قانون نافذ کرنے والے اداروں نے ان دھمکیوں کو غیر مصدقہ قرار دیا ہے۔
امریکی ریاست نیو جرسی کے گورنر فل مرفی نے ایک ٹویٹ میں کہا کہ ’باوجود اس کے کہ نیو جرسی میں سکولوں کے حوالے سے کوئی دھمکی نہیں آئی، پھر بھی ہمارے لیے ہمارے بچوں کی حفاظت اولین ترجیح ہے اور ہم قانون نافذ کرنے اداروں سے رابطے میں ہیں اور صورت حال کو مانیٹر کررہے ہیں۔‘
ٹک ٹاک انتظامیہ نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ انہیں ایسے ثبوت نہیں ملے جس سے پتا چل سکے کہ سکولوں پر حملوں کی دھمکی ان کے پلیٹ فارم سے دی گئی۔
تاہم سوشل میڈیا کمپنی کے حکام نے واضح کیا کہ وہ دھمکی آمیز افواہوں کو سنجیدگی سے دیکھتے ہیں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مل کر کام کررہے ہیں۔

شیئر: