Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان میں اومی کرون کی تشخیص کے باوجود دورہ کریں گے: کرکٹ آسٹریلیا

آسٹریلیا کو اگلے سال مارچ میں پاکستان کا دورہ کرنا ہے۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
آسٹریلین کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو نک ہاکلے کا کہنا ہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کے اومی کرون ویرئینٹ کی تشخیص کے باوجود وہ اپنی ٹیم کو پاکستان بھیجنے کے لیے پُرعزم ہیں۔
آسٹریلوی اخبار دا نیو ڈیلی کے مطابق نک ہاکلے کا کہنا تھا کہ ’کرکٹ آسٹریلیا کی ایک مینجمنٹ ٹیم حال ہی میں پاکستان کا ایک دورہ کرکے آئی ہے اور وہ پاکستان کرکٹ بورڈ اور دیگر حکام سے مسلسل رابطے میں ہیں۔‘
ان کا کہنا تھا کہ یہ ایک پیچیدہ معاملہ ہے لیکن ان کی ٹیم پاکستان کا دورہ کرنے کے لیے پُرعزم ہے۔
’بلکل ہمارا ارادہ ہے کہ دورہ کریں جب تک یہ دورہ محفوظ ہے۔‘
واضح رہے پچھلے 24 سالوں میں آسٹریلیا کی ٹیم پاکستان ٹیسٹ سیریز کھلنے نہیں آئی ہے۔ تاہم یہ دونوں ٹیمیں پاکستان میں سکیورٹی وجوہات کی بنا پر ٹیسٹ میچوں میں متحدہ عرب امارات کی سرزمین پر مدمقابل رہی ہیں۔
آسٹریلیا نے مارچ 2022 میں پاکستان کا دورہ کرنا ہے۔ اس دورے میں مہمان ٹیم تین ٹیسٹ میچ، تین ایک روزہ اور ایک ٹی 20 میچ کھیلے گی۔
واضح رہے رواں برس ستمبر میں نیوزی لینڈ کی ٹیم پاکستان کے دورے پر آئی تھی لیکن سکیورٹی وجوہات کی بنا پر کوئی میچ کھیلے بغیر واپس چلی گئی تھی۔
انہی سکیورٹی وجوہات کی بنا پر انگلینڈ کی ٹیم نے بھی اپنا متوقع دورہ پاکستان منسوخ کر دیا تھا۔

شیئر: