Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کورونا کیسز میں اضافے کے بعد نئی دہلی میں نائٹ کرفیو لگانے کا فیصلہ

نئی دہلی میں رات 10 بجے سے صبح پانچ بجے تک کرفیو نافذ ہوگا۔ (فائل فوٹو:اے ایف پی)
انڈیا کے دارالحکومت نئی دہلی میں حکام نے کورنا وائرس کے پھیلاؤ میں اچانک تیزی آنے کے بعد رات کو کرفیو لگانے کا فیصلہ کیا ہے۔
انڈین نیوز چینل این ڈی ٹی وی کے مطابق نئی دہلی میں رات 10 بجے سے صبح پانچ بجے تک کرفیو نافذ ہوگا اور اس کا آغاز پیر کو ہوگا۔
یہ فیصلہ دارالحکومت نئی دہلی میں اتوار کو کورونا کے 290 کیسز سامنے آنے کے بعد کیا گیا ہے۔
نئی دہلی میں کورونا کے کیسز میں ایک دم سے 16 فیصد اضافہ دیکھا گیا ہے۔ گذشتہ 24 گھنٹے میں ایک شخص کی کورونا سے ہلاکت بھی رپورٹ ہوئی ہے۔
نئی دہلی میں ’یلو الرٹ‘ لگ سکتا ہے
اگر روزانہ کے کورونا کیسز میں اضافہ جاری رہتا ہے تو دارالحکومت میں یلو الرٹ جاری کیا جائے گا۔ دہلی حکومت کے چار مرحلوں پر مشتمل گریڈڈ رسپانس ایکشن پلان (جی آر اے پی) کے تحت اگر مثبت کیسز کی شرح لگاتار دو دنوں تک اعشاریہ پانچ پر برقرار رہے تو یلو الرٹ شروع ہو جائے گا، جس کے نتیجے میں اضافی پابندیاں لگ جائیں گی۔
یلو الرٹ کے بعد زیادہ تر سرگرمیاں جو کہ کورونا کی دوسری لہر کے ختم ہونے کے بعد مرحلہ وار دوبارہ شروع کی گئی تھیں وہ رک جائیں گی۔ انتہائی ضروری اشیا کے دکانوں کے علاوہ سب دکانیں اور شاپنگ مالز کے کام کرنے کے اوقات کو محدود کر دیا جائے گا۔ انہیں صرف صبح 10 بجے سے رات 8 بجے تک کھلے رہنے کی اجازت ہوگی۔

نئی  دہلی میں یلو الرٹ کے نتیجے میں اضافی پابندیاں لگ جائیں گی۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)

شہر میں ریسٹورنٹس کو صبح 8 بجے سے رات 10 بجے تک 50 فیصد گنجائش پر چلنے کی اجازت ہوگی جب کہ بارز کو دوپہر 12 بجے سے رات 10 بجے تک 50 فیصد گنجائش پر کھلے رہنے کی اجازت دی جائے گی۔
سنیما ہال اور ملٹی پلیکس جو ناظرین کے لیے کھلے تھے، بند کر دیے جائیں گے۔ بینکوئٹ ہال اور آڈیٹوریم بھی بند ہوں گے۔ تاہم ہوٹلوں کو کھلا رہنے کی اجازت ہوگی۔
جم، یوگا انسٹی ٹیوٹ اور تفریحی پارکس بند کر دیے جائیں گے۔ سپورٹس کمپلیکس، سٹیڈیم اور سوئمنگ پول بند رہیں گے۔ لیکن ان مقامات پر کھیلوں کے قومی یا بین الاقوامی مقابلوں کے انعقاد پر کوئی پابندی نہیں ہوگی جبکہ پبلک پارکس کھلے رہیں گے۔
ممبئی میں کورونا کی لہر میں تیزی
دوسری جانب انڈیا کے شہر ممبئی میں اتوار کو کورونا وائرس کے 922 کیسز رپورٹ ہوئے جو سنیچر کی نسبت 21 فیصد زیادہ ہیں۔ یہ تقریباً سات ماہ میں ممبئی میں ایک دن کا سب سے بڑا اضافہ ہے۔
اس سے قبل چار جون کو ممبئی میں ایک ہی دن میں 973 کیس رپورٹ ہوئے تھے۔

ممبئی کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثرہ شہروں میں سے ایک ہے۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)

گذشتہ ہفتے کے دوران وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے مختلف پابندیاں عائد کیے جانے کے باوجود ممبئی کی جوہو بیچ کرسمس کے موقع پر سیکڑوں ریویلرز، ہاکرز اور بچوں کے ساتھ پرہجوم دیکھی گئی۔
انڈیا کا معاشی دارالحکومت شمار ہونے والا شہر ممبئی کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثرہ شہروں میں سے ایک ہے۔ اور یہاں دوسری کوویڈ لہر کے دوران کیسز میں غیر معمولی اضافہ دیکھا گیا تھا۔

شیئر: