Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان میں کورونا وائرس کی نئی لہر کے آغاز کے واضح آثار: اسد عمر

پاکستان میں میں گذشتہ 24 گھنٹوں میں 45 ہزار 585 کورونا ٹیسٹ کیے گئے۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کے وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے کہا ہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کی نئی لہر کے آغاز کے واضح آثار نظر آ رہے ہیں۔
اتوار کو اسد عمر نے ٹویٹ میں کہا کہ ’اب ایک اور کورونا لہر کے آغاز کے واضح ثبوت ہیں جس کی توقع پچھلے چند ہفتوں سے کی جا رہی تھی۔‘
انہوں نے لکھا کہ ’جینوم سکوینسنگ کراچی میں اومی کرون کیسز کے بڑھتے ہوئے تناسب کو ظاہر کرتی ہے۔ یاد رکھیں کہ ماسک پہننا آپ کا بہترین تحفظ ہے۔‘
قومی ادارہ صحت کے مطابق پاکستان میں اومی کرون کا پہلا کیس 13 دسمبر کو کراچی میں رپورٹ ہوا تھا۔
جبکہ این سی او سی کی جانب سے اتوار کو جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں گذشتہ 24 گھنٹوں میں 45 ہزار 585 کورونا ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 594 کے نتائج مثبت آئے۔
مثبت کیسز کی شرح ایک اعشاریہ 30 فیصد ہے جبکہ مہلک وائرس سے آٹھ افراد کی ہلاکت ہوئی ہے۔ 637 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے۔
دو روز قبل وزیراعظم عمران خان نے ایک ٹویٹ میں کہا تھا کہ ’ہم سال 2021 کے اختتام تک اپنے سات کروڑ لوگوں کو کورونا کی مکمل ویکسین لگانے کا ہدف حاصل کر چکے ہیں۔ اس ہدف کے حصول کے لیے صرف ہماری وفاقی حکومت نے تقریباً 250 ارب روپے مالیت کی ویکسین خریدی اور اسے تمام صوبوں میں شہریوں کو مفت فراہم کیا۔‘
این سی او سی نے بھی گذشتہ ہفتے کہا تھا کہ ملک کی کل آبادی کے 30 فیصد اور اہل آبادی کے 46 فیصد افراد کو ویکسین لگ چکی ہے۔

شیئر: