Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان میں 15 کروڑ سے زیادہ افراد کی ویکسینیشن ہوگئی: اسد عمر

پاکستان میں کورونا وائرس سے بچاؤ کی ویکسینیشن میں تیزی لائی گئی ہے۔ (فوٹو: اے ایف پی)
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے سربراہ اور وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا ہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس سے بچاؤ کی ویکسین لگوانے والوں کی تعداد 15 کروڑ سے بڑھ گئی ہے۔
پیر کو اسد عمر نے ٹویٹ کیا کہ پنجاب میں سب سے زیادہ افراد کی ویکسینیشن ہوگئی ہے۔
’پنجاب میں 68 فیصد افراد نے ویکسین کی ایک خوراک لی ہے، خیبر پختونخوا میں 75 فیصد، سندھ میں 51 فیصد اور بلوچستان میں 38 فیصد افراد کی ویکسینیشن ہو چکی ہے۔‘
پاکستان میں کورونا وائرس سے بچاؤ کی ویکسینیشن میں تیزی لائی گئی ہے۔
متعدد ممالک میں کورونا وائرس کی نئی قسم اومی کرون کے کیسز سامنے آنے کے بعد این سی او سی کے سربراہ اسد عمر نے کہا تھا کہ اس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے ویکسینیشن اومی کرون کے خلاف واحد موثر طریقہ ہے۔
حکومت نے ملک میں کورونا وائرس سے بچاؤ کی ویکسین کے بوسٹر شاٹس لگوانے کے لیے سینٹرز بھی قائم کیے ہیں۔
یہ ویکسینینش سینٹرز بڑے شہروں میں قائم کیے گئے ہیں جہاں سے لوگ ویکسین کی اضافی خوراک لگوا سکیں گے۔
خیال رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کی مثبت شرح 0.68 فیصد ہے۔
گذشتہ 24 گھنٹوں میں 301 مثبت کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جبکہ دو افراد ہلاک ہوئے ہیں۔
دوسری جانب ایشین ڈیویلپمنٹ بینک پاکستان نے پیر کو اپنے ٹویٹ میں لکھا ہے کہ ’ایشین ڈیوپلمنٹ بینک کی سپانسر کردہ ویکیسن کی ڈیڑھ کروڑ خوراکیں دسمبر میں پاکستان پہنچی ہیں۔‘
’ایشین بینک کی 50 کروڑ کی امداد کی مد میں پاکستان کو ساڑھے سات کروڑ ویکیسن کی خوراکیں، سیفٹی باکسز اور ویکسین کی سرنجیں دی جا رہی ہیں۔‘

 

شیئر: