’ایران کے ایٹمی پروگرام سے متعلق موقف تبدیل نہیں ہوا‘
’ایران کے ایٹمی پروگرام سے متعلق موقف تبدیل نہیں ہوا‘
منگل 4 جنوری 2022 20:23
ایٹمی پروگرام کی ایرانی خلاف ورزیاں اس کے موقف کے منافی ہیں(فوٹو، ایس پی اے)
سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے کہا ہے کہ ایرانی ایٹمی پروگرام میں تجاوزات تشویش کا باعث ہیں- وہ منگل کو ایتھنز میں اپنے یونانی ہم منصب کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس کررہے تھے-
العربیہ نیٹ کے مطابق شہزادہ فیصل بن فرحان نے ایتھنز میں حوثیوں کی جانب سے عالمی جہاز رانی کو مخدوش بنانے کے معاملے پر تبادلہ خیال کیا-
سعودی وزیر نے توجہ دلائی کہ ایٹمی پروگرام کی ایرانی خلاف ورزیاں اس کے اعلانیہ موقف کے منافی ہیں جس کا اظہار وہ یہ کہہ کر کرتا رہتا ہے کہ اس کا ایٹمی پروگرام پرامن مقاصد کے لیے ہے-
شہزادہ فیصل بن فرحان نے مزید کہا کہ سعودی عرب ایران کو ایٹمی طاقت بننے سے روکنے کے لیے کی جانے والی بین الاقوامی کوششوں کا حامی ہے-
سعودی وزیرخارجہ نے کہا کہ انہوں نے یونانی وزیر خارجہ کے ساتھ ایران اور فائیو پلس کے درمیان ہونے والے ایٹمی مذاکرات کے موضوع پر تبادلہ خیال کیا-
سعودی وزیر خارجہ نے بتایا کہ انہوں نے اپنے یونانی ہم منصب پر یہ بات صاف کردی ہے کہ حوثی خطے میں عالمی جہاز رانی کو خطرات سے دوچار کررہے ہیں- تازہ ترین واقعہ بین الاقوامی سمندر میں اماراتی مال بردار جہاز کو ہائی جیک کرنے کا ہے-
سعودی وزیر نے زور دے کر کہا کہ حوثی یمن میں عسکری حل کے ذریعے بحران کا فیصلہ کرنے کے درپے ہیں- یہ نہایت خطرناک امر ہے-
سعودی وزیر خارجہ نے کہا کہ انہوں نے یونان کے دارالحکومت میں مملکت پر حوثیوں کے حملوں کے حوالے سے گفت و شنید کی- خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے وسائل پر تبادلہ خیال کیا-
سعودی یونانی وزرائے خارجہ نے افغانستان کے حالات حاضرہ پر بھی تبادلہ خیال کیا-
سعودی وزیر نے توجہ دلائی کہ مملکت اور یونان کے درمیان اقتصادی تعاون کے امور بھی زیر بحث آئے-