Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

خلیج تعاون کونسل کے سیکریٹری جنرل کی پاکستانی وزیرخارجہ سے ملاقات

ڈاکٹر نایف فلاح مبارک الحجرف کا استقبال حافظ طاہر محمود اشرفی اور سعودی سفیر نے کیا (فوٹو: بشکریہ سعودی سفارت خانہ)
’جی سی سی سیکریٹری جنرل اور شاہ محمود قریشی کے درمیان اسلام آباد میں ملاقات ہوئی ( فوٹو: ٹوئٹر)
پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے خلیج تعاون کونسل کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر نایف الحجرفسے ملاقات کی ہے۔
سعودی سفارت خانے کے مطابق اس ملاقات میں جنرل اتھارٹی برائے تجارت کے گورنر عبدالرحمان الحربی، سفیر نواف بن سعید المالکی اور خلیج تعاون کونسل کے رکن ممالک کے سفیر بھی موجود تھے۔
اس سے قبل بدھ کو اسلام آباد میں خلیج تعاون کونسل کے سربراہ ڈاکٹر نایف فلاح مبارک الحجرف کا استقبال پاکستان علما کونسل کے سربراہ اور وزیراعظم کے نمائندہ خصوصی برائے مشرق وسطیٰ حافظ طاہر محمود اشرفی اور اسلام آباد میں سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی نے کیا۔
خلیج تعاون کونسل (جی سی سی) کے سیکریٹری جنرل نے افغانستان میں انسانی بحران سے نمٹنے کی غرض سے اسلامی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ کونسل کے پاکستان میں منعقد ہونے والے سترہویں اجلاس میں بھی شرکت کی تھی۔
اس دوران وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے انہیں پاکستان کے دورے کی دعوت دی تھی۔
سیکریٹری جنرل نایف بن فلاح الحجرف نے اسلام آباد میں پاکستان کے وزیر خزانہ شوکت ترین سے بھی ملاقات کی۔
وزیر خزانہ نے وفد کو پاکستان کی اقتصادی صورت حال پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ’حکومت معیشت کے مختلف شعبوں میں اصلاحات لانے کے لیے پرعزم ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ’حکومت زراعت، صنعت، انفارمیشن ٹیکنالوجی، ہاؤسنگ سمیت متعدد شعبوں میں اصلاحات متعارف کرا چکی ہے۔
دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں مزید کہا گیا کہ ’سیکرٹری جنرل کا دورہ فریقین کے لیے باہمی تعاون کا جائزہ لینے اور مختلف شعبوں میں شراکت داری بڑھانے کا موقع فراہم کرے گا۔‘

شیئر: