Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی وزیر خارجہ کی یونانی ہم منصب سے ایتھنز میں ملاقات

ایران کو جوہری ہتھیاروں سے روکنے کی حمایت کی اہمیت پر تبادلہ خیال کیا۔ (فوٹو عرب نیوز)
سعودی عرب کے وزیر خارجہ اور ان کے یونانی ہم منصب نے گذشتہ روز منگل کو ایتھنز میں ملاقات کی ہے۔ ملاقات کے دوران ایران کو جوہری ہتھیاروں تک رسائی حاصل کرنے سے روکنے کی کوششوں کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
عرب نیوز کے مطابق سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے بتایا ہے کہ انہوں نے اپنے یونانی ہم منصب نیکوس ڈینڈیاس سے ملاقات کے دوران ویانا میں ایران کےامریکہ، برطانیہ، فرانس، روس، چین اور جرمنی کے درمیان ہونے والے جوہری مذاکرات کے بارے میں بات کی ہے۔
وزیرخارجہ نے بتایا کہ اس ملاقات  میں ایران کو جوہری ہتھیاروں کے حصول سے روکنے اور اس کے اعلان کردہ پرامن جوہری پروگرام سے متصادم ایرانی خلاف ورزیوں کا مقابلہ کرنے کے لیے بین الاقوامی کوششوں کی حمایت کی اہمیت پر تبادلہ خیال کیا۔
سعودی وزیر خارجہ ایک سال سے بھی کم عرصے میں یونان کا دوسرا دورہ کر رہے ہیں۔
انہوں نے مزید بتایا  کہ یونان کے وزیر خارجہ کے ساتھ  یمن کی صورتحال سمیت دونوں ممالک کے لیے تشویش کے وسیع مسائل پر بات ہوئی ہے۔
شہزادہ فیصل  بن فرحان  نے  حوثی باغیوں سے خطے کو لاحق خطرات اور مملکت میں مختلف مقامات پر شہری اہداف پر حوثیوں کی جانب سے حملوں کے بارے میں خدشات  کا اظہار کیا۔

بحران کے صورتحال میں افغان عوام کی مدد کی ضرورت کا بھی جائزہ لیا۔ (فوٹو عرب نیوز)

شہزادہ  فیصل بن فرحان نے مزید کہا کہ سعودی عرب اور یونان سفارتی، اقتصادی اور فوجی تعلقات کو مستحکم کرتے رہیں گے۔
دونوں رہنماوں نے خطے میں امن و استحکام اور دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے اپنے مشترکہ عزم کا بھی اعادہ کیا ہے۔
دونوں وزراء نے افغانستان میں حالیہ پیش رفت اور ملک میں بگڑتی ہوئی صورتحال اور بحران کے دوران افغان عوام کی مدد کی ضرورت کا بھی جائزہ لیا۔
شہزادہ فیصل بن فرحان نے افغانستان میں جاری بحران کے جلد ازجلد  خاتمے اور صورتحال مستحکم کرنے میں بین الاقوامی تعاون اورمدد فراہم کرنے پر زوردیا۔

سعودی وزیر خارجہ ایک سال میں یونان کا دوسرا دورہ کر رہے ہیں۔ (فوٹو ٹوئٹر)

سعودی عرب کے وژن2030 کے مطابق ترقی کے پروگرام کی روشنی میں دفاع، معیشت اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں دوطرفہ تعلقات اور بین الاقوامی تنظیموں میں تعاون پر بھی بات چیت ہوئی۔
اس موقع پر عالمی ترقی اور پائیداری کے اہداف حاصل کرنے میں مدد کے لیے مملکت کے سعودی گرین اورمڈل ایسٹ گرین اقدامات سے فراہم کردہ مواقع کے بارے میں بھی بات ہوئی۔
واضح رہے کہ یونان کے وزیراعظم  کیریاکوس متسوتاکس نے اکتوبر میں سعودی عرب کا سرکاری دورہ کیا تھا جب کہ وزیرخارجہ ڈینڈیا س اور وزیر دفاع  پناجیوٹوپولس نے اپریل میں مملکت کا دورہ کیا تھا۔
 

شیئر: