Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عربی سیریز ’علا کی تلاش‘ نیٹ فلکس پر ریلیز کے لیے تیار

فلم کے ہدایتکار هادی الباجوری ہیں اور یہ سیریز ان کی 2010 کی کامیڈی سیریز ’عايزہ اتجوز‘ کا نیا سیزن ہے۔ (فوٹو: سپلائیڈ)
امریکی سٹریمنگ سروس نیٹ فلکس تین فروری کو عربی شو ’البحث عن علا‘ (علا کی تلاش) ریلیز کرنے جا رہا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق اس شو میں تیونسی نژاد مصری اداکارہ هند صبری نے اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں۔
ہدایتکار هادی الباجوری ہیں اور یہ سیریز ان کی 2010 کی کامیڈی سیریز ’عايزہ اتجوز‘ (میں شادی کرنا چاہتی ہوں) کا نیا سیزن ہے۔
عرب نیوز کو ایک انٹرویو میں هادی الباجوری نے بتایا کہ ’جب میں نے پہلی دفعہ اس پراجیکٹ کے بارے میں سنا تو میں بہت پرجوش ہو گیا کہ علا نیٹ فلکس پر شو کے لیے واپس آ رہی ہے۔ جو ’علا کی تلاش‘ پر کام کرنے کی ایک بہتر وجہ تھی۔‘
پہلی سیریز میں صبری نے علا کا کردار ادا کیا تھا، جو ایک متوسط طبقے کے خاندان سے تعلق رکھتی ہیں اور 30 سال کی عمر تک پہنچنے سے قبل شادی کی خواہش مند ہیں۔
اس ہفتے کے شروع میں جاری ہونے والے ٹریلر میں علا کی طلاق کے بعد کی زندگی کو دکھایا گیا ہے۔
هادی الباجوری کا کہنا تھا کہ ’علا کی تلاش اگرچہ علا کے سفر کا تسلسل ہی ہے لیکن بالکل نئی کہانی، فارمیٹ اور کرداروں کے ساتھ۔ اور ہم نے صرف ان لوگوں کو رکھا جو علا کے اس سفر اور دنیا کے لیے ضروری ہیں۔‘
’ایک طرح سے ہم کہہ سکتے ہیں کہ یہ ’عايزہ اتجوز‘ کا سیکوئل نہیں ہے اور نیٹ فلکس کے لیے یہ سیریز بنانے میں ہمیں کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ہے۔‘
شو کے ٹریلر کی ریلیز کے بعد شائقین نے اسے انسٹاگرام پر شیئر کیا اور اس حوالے سے کافی پرجوش دکھائی دیے۔

شیئر: