Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ترقی پذیر ممالک ’اقتصادی افراتفری‘ کے لیے تیار رہیں: آئی ایم ایف

اومی کرون کی وجہ سے ایک بار پھر معیشتیں متاثر ہونا شروع ہو رہی ہیں۔ فائل فوٹو: اے ایف پی
عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) نے ابھرتی ہوئی معیشتوں کو مشکلات سے نمٹنے کے لیے خبردار کیا ہے۔ امریکی فیڈرل ریزرو شرح سود بڑھانے کی تیاری کر رہا ہے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق آئی ایم ایف نے پیر کو کہا ہے کہ شرح سود میں اضافہ سست روی کی شکار عالمی اقتصادی ترقی کی وجہ سے کیا جارہا ہے۔
آئی ایم ایف کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کی وبا کا نشانہ بننے والی عالمی معیشت کی بحالی رواں اور اگلے سال جاری رہے گی۔
تاہم آئی ایم ایف کے معاشی ماہرین سٹیفن ڈاننگر، کینیتھ کینگ اور ہیلین پوارسن نے ایک بلاگ میں لکھا ہے کہ ’اس بڑھنے والی وبا کے باعث ترقی کو خطرات لاحق رہیں گے۔‘
انتہائی معتدی اومی کرون ویریئنٹ دسمبر کے وسط سے دنیا بھر میں تیزی سے پھیل رہا ہے اور نتیجتاً کورونا وائرس کے نئے کیسز میں اضافہ ہورہا ہے۔
کورونا وائرس کے دیگر ویرینئنٹس کے مقابلے کم خطرناک اومی کرون کی وجہ سے متعدد ممالک ایک بار پھر طبی اقدامات اٹھا رہے ہیں جس کے نتیجے میں معیشت کی ترقی میں رکاوٹ آرہی ہے۔
چونکہ یہ ممالک مہنگائی سے دو چار ہیں، مذکورہ معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ ’ابھرتی ہوئی معیشتوں کو ممکنہ اقتصادی افراتفری کے لیے تیاری کر لینی چاہیے کیونکہ فیڈرل ریزرو سخت اقدامات لے سکتا ہے۔‘

امریکہ میں افراطِ زر میں اضافہ ہورہا ہے جس کی وجہ سے ملک کی معاشی ترقی متاثر ہو رہی ہے۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)

واضح رہے کہ امریکہ میں افراطِ زر میں اضافہ ہورہا ہے جس کی وجہ سے ملک کی معاشی ترقی متاثر ہو رہی ہے۔
ملک میں بڑھتے ہوئے افراطِ زر سے نمٹنے کے لیے امریکی فیڈرل ریزرو نے اشارہ کیا ہے کہ وہ جلد شرح سود میں اضافہ کردیں گے۔
واضح رہے کہ شرح سود میں اضافے سے اکثر لوگ پیسے بینک میں محفوظ کرنا شروع کر دیتے ہیں کیونکہ اس سے ان کو زیادہ منافع ملتا ہے۔ نتیجتاً مارکیٹ میں کم پیسے خرچ ہورہے ہوتے ہیں جس سے معیشت سست ہوتی ہے اور افراطِ زر میں کمی آتی ہے۔
تاہم اے ایف پی کے مطابق کچھ ابھرتی ہوئی معیشتوں کے لیے شرح سود میں اضافے کا مطلب ہے کہ ان کے ڈالر میں دیے جانے والے قرض میں اضافہ ہوجائے گا۔

شیئر: