Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مایا اینجلو، پہلی سیاہ فام امریکی خاتون جن کے اعزاز میں یادگاری سکہ جاری ہوا

امریکی شہری حقوق کی تحریک میں مایا اینجلو نے نمایاں کردار ادا کیا تھا۔ فوٹو اے ایف پی
نامور شاعرہ اور انسانی حقوق کی سرگرم کارکن مایا اینجلو پہلی سیاہ فام خاتون ہیں جن کے نام کا یادگاری سکہ امریکی حکومت نے جاری کیا ہے۔ 
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق امریکی محکمہ خزانہ نے پیر کو نیا سکہ جاری کیا ہے جس پر مایا اینجلو کا چہرہ کندہ کیا ہوا ہے۔
علاوہ ازیں درجنوں کتابوں کی مصنفہ مایا اینجلو پہلی شخصیت ہیں جن کے نام کا سکہ جنوری 2021 میں منظور ہونے والے قانون کے تحت جاری کیا گیا ہے۔ اس قانون کے مطابق تمام ممتاز امریکی خواتین کے نام کے یادگاری سکے جاری کیے جائیں گے۔
امریکی محکمہ خزانہ کے بیورو آف منٹ کے مطابق 25 سینٹ کے سکے پر ممتاز امریکی شاعرہ کا چہرہ کندہ کیا گیا ہے اور سکوں کی پہلی کھیپ بھیج دی گئی ہے۔
بیورو آف منٹ کے نائب ڈائریکٹر وینٹرس گبسن نے کہا کہ انہیں امریکہ کی تاریخی میں قابل ذکر کردار ادا کرنے والی خواتین کے اعزاز میں سکہ جاری کرنے پر فخر ہے۔ 
’امیریکن وومن کوارٹر پروگرام‘ کے تحت بیورو آف منٹ سال 2022 سے 2025 کے درمیان ہر سال پانچ مختلف امریکی خواتین کے نام کے یادگاری سکے جاری کرے گا جنہوں نے ملک کے لیے نمایاں کردار ادا کیا۔
امریکی سیکریٹری خزانہ جینٹ ییلن نے کہا ہے کہ انہیں فخر ہے کہ یہ سکے امریکہ کی سب سے قابل خواتین کی خدمات کو سراہتے ہوئے ان کے اعزاز میں جاری کیے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ’ہر دفعہ جب ہم اپنی کرنسی کا ڈیزائن بدلتے ہیں تو ہمیں اپنے ملک کے متعلق کچھ کہنے کا موقع ملتا ہے، جو کچھ بھی ہمارے لیے اہم ہے اور بطور سوسائٹی ہم نے کس طرح سے ترقی کی۔‘

پہلی امریکی خلاباز خاتون سیلی رائڈ کے اعزاز میں سکہ جاری کیا جائے گا۔ فوٹو اے ایف پی

گذشتہ 90 برسوں سے 25 سینٹ کا سکہ ملک کے پہلے صدر جارج واشنگٹن کی تصویر کے ساتھ جاری ہو رہا ہے۔ جبکہ اسی سکے کے دوسری طرف عقاب کی تصویر کندہ ہے۔ 
سال 2022 میں جن دیگر نامور خواتین کے نام کے یادگاری سکے جاری کیے جائیں گے، ان میں خلا میں جانے والی پہلی امریکی خاتون سیلی رائڈ، چیروکی قوم کی پہلی خاتون سربراہ ولما مین کلر، نیو میکسیکو میں خواتین کے ووٹ کے لیے آواز اٹھانے والی نینا آٹیرو وارن اور چینی نژاد امریکی فلم سٹار اینا مے وونگ شامل ہیں۔
مایا اینجلو سال 1928 میں ریاست میسوری میں پیدا ہوئی تھیں۔ انہوں نے شہری حقوق کی تحریک میں مارٹن لوتھر کنگ اوور میلکم ایکس کے ساتھ مل کر نمایاں کردار ادا کیا تھا۔
سابق صدر بل کلنٹن کی تقریب حلف برداری کے موقع پر نظم پڑھنے والی مایا اینجلو کا انتقال سال 2014 میں ہوا تھا۔

شیئر: