Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انجکشن کے خوف کی وجہ سے ویکسین نہ لگوانے والا شخص کورونا سے ہلاک

سٹیورٹ گلِیرے کی غمزدہ بیوہ نے ویکسین لگوانے کی اپیل کی ہے۔ (فوٹو: انڈیپینڈنٹ)
برطانیہ میں انجکشن (سوئیوں) کے خوف میں مبتلا ایک کمپیوٹر گیمز ڈویلپر ویکسین نہ لگوانے کی وجہ سے کورونا سے ہلاک ہو گیا ہے۔
برطانوی اخبار انڈیپینڈنٹ کے مطابق 51 سالہ سٹیورٹ گلِیرے کو وائرس کا شکار ہونے کے بعد گذشتہ سال 20 دسمبر کو ہسپتال لے جایا گیا لیکن وہ ایک دن بعد ہی دم توڑ گئے۔
اب ان کی غمزدہ بیوہ نے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ اگر وہ نروس بھی ہیں، تو بھی ویکسین لگوائیں۔
اپنی وفات سے کچھ دیر قبل سٹیورٹ گلِیرے نے ہسپتال سے فیس بک پوسٹ پر کہا کہ ’میری حالت اتنی اچھی نہیں ہے۔ یہ مجھے ٹھیک رکھنے کے لیے 95 فیصد آکسیجن فراہم کر رہے ہیں، جو سب سے زیادہ مقدار ہے۔‘
انہوں نے اپنے ہاتھ پر لگے کینولا کی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’جو لوگ مجھے اچھی طرح جانتے ہیں، اس بات سے واقف ہیں کہ یہ مجھے پسند نہیں ہے۔‘
دو بچوں کے باپ سٹیورٹ گلِیرے کی حالت اچانک خراب ہوگئی اور وہ کوما میں چلے گئے تھے۔ یہ بات بھی سامنے آئی کہ ان کے پھیپھڑوں کی حالت کی پہلے تشخیص نہیں ہوئی اور وائرس نے انہیں سانس لینے کے قابل نہ چھوڑا۔
سٹیورٹ گلِیرے گیمنگ انڈسٹری کی ایک نمایاں شخصیت تھے۔ وہ ڈیویلپمنٹ کمپنی جسٹ ایڈ واٹر کے سی ای او تھے۔
ان کی بیوہ بیک گلِیرے نے دی ڈیلی ریکارڈ کو بتایا کہ ان کو سوئیوں سے اتنا زیادہ خوف تھا کہ اگر خون کا ٹیسٹ بھی کروانا ہوتا تو وہ ڈاکٹر کے پاس نہیں جاتے تھے۔

شیئر: