Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

حریم شاہ کی ویڈیو: ’انہیں اتنی رقم پاکستان میں کس نے دی؟‘

حریم شاہ نے وضاحتی بیان میں اپنی ویڈیو کو ’مذاق‘ قرار دیا ہے۔ (فائل فوٹو: حریم شاہ/فیس بک)
پاکستان کی مشہور ٹک ٹاکر حریم شاہ نے بدھ کو ویڈیو شیئرنگ ایپ ’سنیک ویڈیو‘ پر ایک ویڈیو پوسٹ کی جس میں ان کے سامنے برطانوی کرنسی کی گڈیاں موجود تھیں اور وہ پاکستانی روپے اور پاسپورٹ کی ’وقعت‘ نہ ہونے پر شکوہ بھی کررہی تھیں۔
حریم شاہ نے اپنے ہاتھ میں پاؤنڈز اٹھاکر بتایا کہ وہ پہلی بار اتنا ’ہیوی اماؤنٹ‘ لے کر پاکستان سے برطانیہ آرہیں تھیں۔
انہوں نے اپنی ویڈیو میں لوگوں کو یہ پیغام دیا کہ ’اماؤنٹ لاتے وقت تھوڑا خیال رکھیے گا کیونکہ آپ کو پکڑ لیتے ہیں، مجھے تو کسی نے کچھ نہیں کہا، آپ کو پتا ہے اور کہہ بھی نہیں سکتے۔‘
’میں تو بہت ایزیلی سہل طریقے سے آگئی تھی۔‘
سوشل میڈیا پر اس ویڈیو کے وائرل ہونے کے بعد نہ صرف حریم شاہ شدید تنقید کی زد میں آئیں بلکہ صارفین نے پاکستان کے نظام پر بھی انگلیاں اٹھائیں۔
پاکستانی صحافی طلعت حسین نے اپنی ایک ٹویٹ میں لکھا کہ ’دنیا کو قیادت، فراست، سفارت وغیرہ پر بے مغز لیکچر دینے والوں کے لیے یہ ویڈیو ہی کافی ہے۔ یہ ہے اس نظام کی اصل وقعت!۔‘
اس ویڈیو پر دیگر صارفین بھی کئی سوال اٹھا رہے ہیں۔ چنگیزی نامی صارف نے لکھا کہ ’اسے اتنی رقم پاکستان میں کس نے دی؟ برطانیہ والے کیوں اتنا کیش نہ دیکھ سکے؟‘
عملقہ حیدر نامی صارف نے لکھا کہ ’اپریل 2022 کو ایف اے ٹی ایف کا اجلاس ہونا ہے اور حریم شاہ کا غیر قانونی طریقے سے پیسے لے کر جانا منی لانڈرنگ کہلاتا ہے اور ایف اے ٹی ایف کے اجلاس میں اس بات کو ضرور مدنظر رکھا جائے گا۔‘
اس ویڈیو کے وائرل ہونے کے بعد پاکستان کے وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے حریم شاہ کے خلاف منی لانڈرنگ سے متعلق تحقیقات کا اعلان کیا اور ایک بیان میں ادارے نے کہا کہ ان کی جانب سے برطانیہ کی نیشنل کرائم ایجنسی کو خط لکھا جائے گا۔
ابھی تک یہ بات منظر عام پر نہیں آئی ہے کہ حریم شاہ پاکستان سے برطانیہ کتنے پیسے لے کر گئیں لیکن پاکستانی قوانین کے مطابق کوئی بھی مسافر سفر کے دوران 10 ہزار ڈالرز سے زیادہ پیسے پاکستان سے باہر نہیں لے جا سکتا۔
تنقید سے پریشانی تھی یا تحقیقات کا ڈر، یہ بات بھی واضح نہیں لیکن حریم شاہ نے کچھ گھنٹوں بعد سنیک ویڈیو سے اپنی ویڈیو ڈیلیٹ کر دی اور ایک وضاحت بھی جاری کی۔
اپنی وضاحت میں حریم شاہ نے کہا کہ ان پر منی لانڈرنگ کا ’الزام‘ لگایا جا رہا ہے ’تو میں نے تو نہ کبھی منی لانڈرنگ کی نہ مجھے منی لانڈرنگ کے بارے میں اتنی انفارمیشن تھی۔‘
’وہ بس مذاق میں ایک ویڈیو بنائی تھی اور وہ میں اپنے بھائی کے آفس میں آئی تھی اور وہاں کوئی اماؤنٹ وغیرہ پڑی ہوئی تھی، ان کی اجازت سے میں نے وہ ویڈیو بنائی اور اماؤنٹ بھی کوئی غیرقانونی نہیں تھی۔‘
حریم شاہ کی وضاحت کے باوجود ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ اس حوالے سے تحقیقات جاری رہیں گی اور معاملے کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔

شیئر: