Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

حریم شاہ کی شادی: پیپلزپارٹی کے وزرا دن بھر ہاتھ دکھاتے رہے

حریم شاہ کا بیان سندھ اسمبلی کے اجلاس کے دوران بھی موضوع بحث رہا۔ (فوٹو: سکرین گریب)
تنازعات کا شکار رہنے والی ٹِک ٹاک سٹار حریم شاہ نے اتوار کو اپنے اکاؤنٹ سے ایک تصویر شیئر کی تھی جس میں ایک خاتون اور مرد کا ہاتھ دکھائی دے رہا تھا۔ بعد ازاں انہوں نے لوکل میڈیا کو بیان دیا کہ یہ ان کے نکاح کے وقت کی تصویر ہے، اور ان کی شادی سندھ کابینہ کے ایک وزیر سے ہوئی ہے تاہم ابھی وہ نام نہیں بتا سکتیں۔
حریم شاہ کے اس بیان کے بعد سے سندھ حکومت کی کابینہ میں شامل پیپلز پارٹی کے وزرا سے اس بابت سوال کیا جا رہا ہے، جواباً ہر وزیر اپنا ہاتھ دکھا کر واضح کر رہا ہے کہ اس کا ہاتھ تصویر میں دکھائی دینے والے ہاتھ سے مختلف ہے۔ کسی نے گھڑی کی نشاندہی کی کہ اس نے جو گھڑی پہنی ہے وہ تصویر میں نظر آنے والی گھڑی سے مختلف ہے، تو کسی نے دکھایا کہ وہ انگھوٹی نہیں پہنتا جبکہ تصویر میں جو ہاتھ ہے اس میں انگوٹھی ہے۔
سندھ حکومت کے ترجمان اور وزیرِاعلیٰ کے مشیر مرتضیٰ وہاب سے جب اسمبلی کے باہر جاری پریس کانفرنس کے دوران یہ سوال پوچھا گیا، تو انہوں نے جھٹ اپنے ہاتھ کیمرے کے سامنے کیے اور صحافیوں سے کہا کہ ’ان کے ہاتھ صاف ہیں۔‘
صوبائی وزیر تعلیم سعید غنی جب تعلیمی سرگرمیوں کی بحالی کے حوالے سے پریس کانفرنس کر رہے تھے تو تب صحافیوں نے ان سے بھی یہی سوال کیا کہ کیا انہوں نے بھی اس تقریب میں شرکت کر کے دعوت کھائی ہے، کیا انہیں بھی مبارکباد دی جائے؟ جواب میں سعید غنی مسکرا اٹھے، اور کوئی واضح جواب دینے کی بجائے اپنے دونوں ہاتھ فضا میں بلند کیے اور گھڑی بھی دکھائی کہ ان کی گھڑی دیکھی جائے وہ تصویر والی گھڑی سے مختلف ہے۔
صوبائی وزیر خوراک اسماعیل راہو سے جب اس بابت سوال کیا گیا تو انہوں نے جواباً صحافی سے کہا کہ ’میں تو آپ سے سن رہا ہوں۔‘
انہوں نے بھی اپنے ہاتھ دکھائے اور کہا کہ ’میں گھڑی ہمیشہ پہنتا ہوں، انگوٹھی نہیں پہنتا۔‘
حریم شاہ کی جانب سے شیئر کی گئی یہ تصویر بعد میں ڈیلیٹ کردی گئی تاہم جب ان سے اس بارے میں سوال کیا گیا تو انہوں نے اس بات کی تصدیق کی کہ ان کا نکاح ہوگیا ہے۔
لوکل میڈیا کو دیے گئے بیان میں ان کا کہنا تھا ’میرے شوہر پیپلز پارٹی کے رکن سندھ اسمبلی ہیں اور صوبائی وزیر ہیں، ان کی اجازت سے تصاویر شائع کروں گی۔‘

حریم شاہ نے مزید کہا ’ابھی میرے شوہر نے اپنی بیوی کو قائل کرنا ہے، جب کر لیں گے تو بتا دوں گی. میرے شوہر ابھی کراچی میں مقیم ہیں۔‘
ایک سوال کے جواب میں حریم شاہ نے واضح کیا کہ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو ان کی شادی کی تقریب میں موجود نہیں تھے، اور انہیں اس معاملے کا نہیں پتا۔
حریم شاہ کا بیان سندھ اسمبلی کے اجلاس کے دوران بھی موضوع بحث رہا، پیپلز پارٹی کی رہنما شہلا رضا نے اس بات پر کہا کہ یہ حریم شاہ کا ذاتی معاملہ ہے، اس پر ایوان میں گفتگو مناسب نہیں۔

شیئر: