Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سکیورٹی مشق: قطر، عمان، کویت اور بحرین کی فورسز سعودی عرب میں

سب سے پہلے رائل عمان پولیس کا ایک دستہ پہنچا جس کی قیادت کرنل سلیم مبارک الابراوی کر رہے تھے (فوٹو:رائل عمان پولیس)
قطر، عمان، کویت اور بحرین کی سکیورٹی فورسز خلیج تعاون کونسل کے رکن ممالک کی مشترکہ مشق میں حصہ لینے کے لیے جمعرات کو سعودی عرب پہنچ گئی ہیں۔
عرب نیوز کے مطابق سب سے پہلے رائل عمان پولیس کا ایک دستہ پہنچا جس کی قیادت کرنل سالم مبارک الابراوی کر رہے تھے۔
قطری فورس بوئنگ سی 17 ملٹری کارگو طیارے پر پہنچی جس کی قیادت میجر یوسف الحمد کر رہے ہیں۔
کویت کے دستے کے سربراہ بریگیڈیئر جنرل عبداللہ العتیقی ہیں جنہوں نے وضاحت کی ہے کہ اس مشق کا مقصد جی سی سی ریاستوں کے درمیان ’رابطے اور فیلڈ تعاون کو بڑھانا‘ ہے۔
بحرین کا دستہ شاہ فہد کاز وے کے ذریعے پہنچا جو سعودی عرب کے مشرقی شہر الخوبر کو بحرین سے ملاتا ہے۔
متحدہ عرب امارات کی سکیورٹی فورسز بدھ کو مملکت پہنچیں۔
سعودی وزارت دفاع نے کہا ہے کہ عرب گلف سکیورٹی 3 مشقیں رواں ماہ مشرقی صوبے دمام میں منعقد ہوں گی۔
سعودی وزارت داخلہ کی جانب سے منگل کو جاری شدہ بیان کے مطابق مشق کا مقصد خلیج تعاون کونسل کے ممالک کے درمیان سکیورٹی کے شعبے میں تعاون کو مضبوط کرنا اور ہم آہنگی کی سطح کو بلند کرنا ہے۔
اس کے ساتھ ساتھ اس مشق کا مقصد بحرانوں اور ہنگامی حالات کا مقابلہ کرنے اور خلیج عرب کے خطے کو درپیش تمام خطرات سے نمٹنے کے لیے سکیورٹی سروسز کی تیاری ہے۔

شیئر: