Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اپوزیشن چاہتی ہے 'جو ہاتھ عمران کے سر پر ہے وہ ان پر رکھا جائے'

شیخ رشید نے کہا کہ اپوزیشن شوق سے احتجاج کرے مگر 23 مارچ کا احترام کرے۔ فائل فوٹو: اے پی پی
پاکستان کے وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ وہ سیاست میں ہمیشہ نمبر ون سے دوستی کرتے ہیں اور نمبر ون سے لڑائی کرتے ہیں جبکہ خواتین کے بارے میں تبصرے نہیں کرتے۔
جمعے کو اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ 'سیاست میں چاروں شریف مائنس ہو چکے ہیں۔'
وزیر داخلہ نے اپوزیشن کی سیاست پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ ان کی سیاست یہ ہے کہ 'یہ چاہتے ہیں کہ جو ہاتھ عمران خان کے سر پر رکھا گیا ہے وہ ان کے سر پر رکھا جائے۔'
انہوں نے کہا کہ یہ اپوزیشن کی سیاست ہے، 'مگر وہ ہاتھ ان کی گردن پر تو آئے گا، ان کے سر پر نہیں آئے گا۔'
شیخ رشید نے موجودہ حکومت کے احتساب کے حوالے سے پالیسی کی ناکامی کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ 'بے شک احتساب ہم نہیں کر سکے، بے شک احتساب کا عمل کمزور رہا لیکن دنیا جانتی ہے کہ کس برے طریقے سے ان دونوں خاندانوں نے پاکستان کے خزانے کو لوٹا۔' 
انہوں نے اسلام آباد کی جانب مارچ کی کال دینے والی اپوزیشن جماعتوں سے کہا کہ 'بڑے شوق سے آئیں مگر 23 مارچ کے احترام کو ملحوظ خاطر رکھیں، یہ ملکی سلامتی اور قومی معاملہ ہے۔'
شیخ رشید نے دعویٰ کیا کہ حکومت اگلے تین چار ماہ میں مہنگائی کو مکمل ختم کر دے گی۔
'ہم کوئی آسمان پر نہیں، اپنے حلقوں میں ہیں۔ آئی ایم ایف کا کڑوا گھونٹ پیا ہے۔'
وزیر داخلہ نے بتایا کہ افغانستان سے آنے والے افراد کو سہولیات فراہم کرنے کے لیے 'تذکرہ' کے ذریعے چمن کے بعد طورخم، انگور اڈہ اور غلام علی سے بھی آمد ورفت کی اجازت دی جائے گی۔

شیئر: