Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سامبا بینک نے سسٹم کی خرابی کے متعلق وضاحت نہیں کی، ساما ذرائع

سسٹم کی بحالی کے اعلان کے باوجود کھاتہ دارآن لائن بینکنگ نہیں کرپارہے، بعض کھاتہ داروں کی تنخواہیں اکاؤنٹ میں نہیں آئیں
ریاض : سامبا بینک نے اپنے سسٹم کی خرابی کے متعلق ابھی تک وضاحت نہیں کی۔ سعودی مالیاتی اتھارٹی (ساما) ابھی تک وضاحت کے انتظار میں ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ گزشتہ ہفتہ سامبا بینک کے سسٹم میں خرابی واقع ہوئی تھی جس کے باعث بینکنگ سروس معطل ہوگئی۔ سامبا بینک نے اس وقت سسٹم میں خرابی کا اعلان کیا تھا ۔ بعد ازاں ہفتہ کو سامبا نے اعلامیہ جاری کرتے ہوئے کہا کہ اس کا سسٹم بحال ہوگیا ہے تاہم کھاتہ داروں نے شکایت کی ہے کہ سسٹم بحال ہونے کے باوجود ان کی تنخواہیں ابھی تک اکاؤنٹ میں نہیں آئیں۔ ساما کے کھاتہ داروں نے اکاؤنٹ سے رقم کی کٹوتی کی بھی شکایت کی ہے۔ مالیاتی اتھارٹی کے ذرائع نے بتایا کہ سامبا بینک کی طرف سے وضاحت کا انتظار ہے تاکہ مناسب کارروائی کی جاسکے تاہم سامبا بینک کے ذمہ دار ابھی تک خاموش ہیں۔ حالانکہ سامبا نے تمام کھاتہ داروں کو ایس ایم ایس کے ذریعہ اطلاع دی ہے کہ سسٹم میں خرابی دور کردی گئی تاہم بعض کھاتہ داروں کو شکایت ہے کہ وہ آن لائن بینکنگ نہیں کرپارہے۔ واضح رہے کہ سامبا بینک کے سسٹم میں بدھ کو خرابی واقع ہوئی تھی جس کا اعلان بینک نے جمعرات کو کیاتھا۔ جمعہ کو سامبا بینک نے اعلامیہ جاری کرکے وضاحت کی تھی کہ اس کا سسٹم ہیک نہیں ہوا تاہم فنی خرابی پر قابو پانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ بعد ازاں ہفہ کو سامبا بینک نے اعلامیہ جاری کرکے کہا تھا کہ سسٹم کی خرابی دور کرلی گئی ہے تاہم بینک کے کھاتہ داراتوار اور پیر تک آن لائن بینکنگ نہیں کرپائے جبکہ نجی شعبہ سے تعلق رکھنے والے بعض کھاتہ داروں کی تنخواہیں اکاؤنٹ میں نہیں پہنچیں۔
 
 
 
 

شیئر: