Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

وزیراعظم عمران خان کا ابوظبی کے ولی عہد سے اظہار یکجہتی

دونوں وزرائے خارجہ نے پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان قریبی اور تاریخی برادرانہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔ (فائل فوٹو: ٹوئٹر شاہ محمود قریشی)
وزیراعظم عمران خان نے ابوظبی کے ولی عہد اور اماراتی مسلح افواج کے نائب سپہ سالار اعلیٰ شیخ محمد بن زاید آل نہیان سے ٹیلیفونک رابطہ کیا ہے۔ 
اسلام آباد میں اماراتی سفارتخانے کی جانب سے جاری کردہ پیغام کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے  ابوظبی میں حوثی دہشت گرد حملے  کی مذمت کی اور متحدہ عرب امارات کے ساتھ اپنے ملک کی یکجہتی کا اظہار کیا۔
اس سے قبل متحدہ عرب امارات کے وزیر خارجہ شیخ عبداللہ بن زاید النہیان نے پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے ٹیلیفون رابطے میں انہیں ابوظبی میں ہونے والے دہشت گردی کے حملے کی تفصیلات سے آگاہ کیا ۔
منگل کو پاکستان کے دفتر خارجہ سے جاری ہونے والی تفصیلات کے مطابق اماراتی وزیر خارجہ نے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے دہشت گردی کے واقعے میں ہلاک ہونے والے پاکستانی شہری کے انتقال پر دلی تعزیت کی۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے حوثی ملیشیا کی جانب سے شہری علاقوں پر کیے گئے دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کی۔ 
انہوں نے متاثرین کے اہل خانہ اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے بھی دعا کی۔
شاہ محمود قریشی نے متوفی پاکستانی شہری کی میت کی جلد وطن واپسی اور زخمیوں کے لیے فوری علاج معالجے کی کاوشوں پر اماراتی ہم منصب کا شکریہ ادا کیا۔
متحدہ عرب امارات کے عوام اور حکومت کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ’اس طرح کی دہشت گرد کارروائیاں متحدہ عرب امارات کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی خلاف ورزی ہیں۔‘
انہوں نے زور دیا کہ ’امن و امان کے لیے سنگین خطرہ بننے والے اس طرح کے حملوں کو فوری طور پر روکا جانا چاہیے۔ ‘
دونوں وزرائے خارجہ نے پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان قریبی اور تاریخی برادرانہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔

شیئر: