Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان میں کورونا کے بڑھتے کیسز کے بعد نئی پابندیوں کا اعلان

این سی او سی کے اجلاس میں صوبوں کی مشاورت سے نئی پابندیوں کا اعلان کیا گیا (فوٹو:این سی او سی)
پاکستان میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے اقدامات کرنے والے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشنل سنٹر(این سی او سی) کی جانب سے کورونا سے بچاؤ کے لیے کچھ کچھ نئی پابندیاں لگانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جن کا اطلاق کل 20 جنوری سے ہو گا۔
ان پابندیوں کا اطلاق 31 جنوری تک  ہو گا جبکہ 20 جنوری کو ایک بار پھر صورت حال کا جائزہ لیا جائے گا۔
بدھ کو اسلام آباد میں وفاقی وزیر اسد عمر کی سربراہی میں ہونے والے این سی او سی کے اجلاس میں وائرس کی صورت حال کا جائزہ لیا گیا اور صوبوں سے مشاورت کے بعد نئی پابندیاں عائد کیے جانے کا اعلان کیا گیا ہے۔
نئی پابندیاں کون کون سی ہیں؟
این سی او سی کے اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ جن شہروں میں کورونا کے پھیلاؤ کی شرح 10 فیصد سے زیادہ ہے، وہاں اِن ڈور تقریبات پر پابندی ہو گی جبکہ 10 فیصد سے کم شرح والے شہروں میں بھی صرف 300 افراد ہی شرکت کر سکیں گے۔ اس سے زیادہ پر پابندی ہو گی، جبکہ ایسی تقریبات میں وہی افراد ہی شرکت کر سکیں گے جنہوں نے ویکسین لگوا رکھی ہو۔
10 فیصد سے زائد شرح رکھنے والے شہروں لاہور، اسلام آباد، راولپنڈی، مظفرآباد، پشاور اور کراچی شامل ہیں۔
اسی طرح 10 فیصد سے زیادہ شرح والے شہروں میں تعلیمی سرگرمیوں کو بھی محدود کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
12 سے کم عمر طلبہ تین روز 50 فیصد حاضری کے ساتھ سکول جائیں گے جبکہ 12 سال سے زائد عمر کے طلبہ معمول میں سکول جائیں گے۔
اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ اب 12 سال سے زائد عمر کے افراد کے لیے ویکسین لگونا لازمی ہو گا۔

10 فیصد سے زیادہ شرح والے شہروں میں تعلیمی سرگرمیوں کو بھی محدود کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے (فوٹو: اے ایف پی)

علاوہ ازیں پبلک ٹرانسپورٹ جاری رہے گی تاہم گاڑیوں کو 70 فیصد سواریاں بٹھانے کی اجازت ہو گی جبکہ 30 فیصد حصہ خالی چھوڑا جائے گا۔
اسی طرح سینیما، مزارات اور تفریحی پارکس کے لیے بھی 50 فیصد افراد کی شرط عائد کی گئی ہے۔
24 گھنٹے کے دوران ملک بھر میں مثبت کیسز کی شرح نو اعشاریہ چار فیصد رہی۔
این سی او سی کے مطابق آٹھ افراد کورونا کے باعث انتقال کر گئے جس کے بعد اموات کی تعداد 29 ہزار 37 ہو گئی ہے۔
اسی طرح اس وقت ملک میں تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 13 لاکھ 38 ہزار 993 ہے۔
این سی او سی کی جانب سے یہ بھی بتایا گیا ہے کہ پچھلے 24 گھنٹے کے دوران پانچ ہزار چار سو 72 نئے کیس سامنے آئے۔
24 گھنٹوں کے دوران 57 ہزار 669 نئے ٹیسٹ کیے گئے، اب تک 12 لاکھ 65 ہزار 239 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں جبکہ 908 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔
’ کورونا ابھی خاتمے سے بہت دور ہے‘
دوسری جانب عالمی ادارہ صحت کی جانب سے بدھ کو خبردار بھی کیا گیا ہے کہ کورونا ابھی خاتمے سے بہت دور ہے کیونکہ فرانس، جرمنی اور برازیل میں پچھلے 24 گھنٹے کے دوران ریکارڈ نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔

شیئر: