Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’بابر اعظم کو بحیثیت کپتان بہت چیزیں سیکھنے کی ضرورت ہے‘

محمد حفیظ نے پاکستان کے لیے تقریباً 18 سال تک کرکٹ کھیلنے کے بعد رواں ماہ ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
رواں مہینے انٹرنیشنل کرکٹ کو خیرباد کہنے والے پاکستانی کھلاڑی محمد حفیظ کا کہنا ہے کہ موجودہ ٹیم کے کپتان بابر اعظم ایک ٹیلنٹڈ کھلاڑی ہیں لیکن انہیں مزید چیزیں سیکھنے کی ضرورت ہے۔
پاکستانی سپورٹس جرنلسٹ سلیم خالق کو دیے گئے ایک انٹرویو میں محمد حفیظ کا کہنا تھا کہ ’ٹائم چاہیے ہر شخص کو انٹرنیشنل لیول پر سیٹ ہونے کے لیے، بابر اعظم کو بحیثیت کپتان بہت چیزیں سیکھنے کی ضرورت ہے۔‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ بابر اعظم اگر اپنے ٹیلنٹ کو مزید نکھاریں اور فٹنس کا خیال رکھیں تو وہ پاکستان کے لیے مزید بہترین کھلاڑی ثابت ہوسکتے ہیں۔
واضح رہے محمد پاکستان کے لیے تقریباً دو دہائیوں تک کرکٹ کھیلنے والے آلراؤنڈر محمد حفیظ نے رواں سال تین جنوری کو ہر طرح کی بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا۔
ریٹائرمنٹ کے حوالے سے محمد حفیظ کا کہنا تھا کہ ’مینٹلی طور پر میں اپنی ریٹائرمنٹ کے حوالے سے بہت پہلے سوچ چکا تھا اور میں اپنے کیریئر کا اختتام بھی خود کرنا چاہتا تھا۔‘
انہوں نے کہا کہ ان کی خواہش تھی کہ وہ پاکستان کی ورلڈکپ جیتنے والی ٹیم کا حصہ بنیں اس لیے انہوں نے پچھلے سال ہونے والے ٹی20 ورلڈکپ تک اپنے کیریئر کو طول دیا۔
’بدقسمتی سے ہم وہ ٹورنامنٹ نہیں جیت سکے تھے اور جب ہم نہیں جیت سکے تو میں نے اسی وقت [ریٹائرمنٹ کا] فیصلہ کرلیا تھا۔‘
محمد حفیظ کے کیریئر میں ایک ایسا وقت بھی آیا جب کرکٹ میں دلچسپی رکھنے والے لوگوں کو لگا کہ اب ان کا پاکستان کے لیے مزید کرکٹ کھیلنا ہوگا۔ یہ وہ وقت تھا جب فاسٹ بولر محمد عامر کو سپاٹ فکسنگ میں پانچ سال کی پابندی ختم ہونے کے بعد 2016 میں ٹیم میں دوبارہ شامل کیا گیا۔
محمد حفیظ اس وقت پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے فیصلے کے خلاف کھڑے ہوئے نظر آئے۔
اس واقعے پر روشنی ڈالتے ہوئے محمد حفیظ کا کہنا تھا کہ ’میرا کسی بورڈ کے رکن کے ساتھ کبھی کوئی ذاتی مسئلہ نہیں رہا۔‘

محمد حفیظ سپاٹ فکسنگ میں سزا یافتہ فاسٹ بولر محمد عامر کی ٹیم میں واپسی کے مخالف تھے۔ (فائل فوٹو: روئٹرز)

انہوں نے بتایا کہ اس وقت نجم سیٹھی پی سی بی کے ایکٹنگ چیئرمین تھے اور ان کے ساتھ شہریار خان بھی تھے۔
’جب میں نے یہ بات کی تو مجھے کہا گیا کہ وہ [محمد عامر] تو کھیلیں گے آپ نے کھیلنا ہے تو آپ فیصلہ کرلیں، اگر آپ نہیں کھیلنا چاہتے تو نہ کھیلیں۔ میرے لیے وہ بہت حیران کن تھا۔‘
محمد حفیظ رواں مہینے ہونے والے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے ساتویں ایڈیشن میں نوجوان فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی کی قیادت میں لاہور قلندرز کی نمائندگی کریں گے۔
شاہین شاہ آفریدی کو کپتان بنانے کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ ’میں دعا گو ہوں، شاہین کے لیے ایک بہت مثبت موقع ہے، مجھے یقین وہ اچھا کرے گا۔‘

شیئر: