Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’یہ عہدِ بابر ہے‘، بابر اعظم آئی سی سی ون ڈے ٹیم کے بھی کپتان

گزشتہ روز بابر اعظم آئی سی سی کی ٹی20 ٹیم کے بھی کپتان قرار پائے تھے۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے بابر اعظم کو ’ٹی 20 ٹیم آف دا ایئر‘ کے کپتان کے بعد ’ون ڈے ٹیم آف دے ایئر‘ کا بھی کپتان قرار دے دیا ہے۔
آئی سی سی نے جمعرات کو ’ون ڈے ٹیم آف دا ایئر‘ کا اعلان کیا اور اس ٹیم میں ان کھلاڑیوں کو شامل کیا گیا ہے جنہوں نے سال 2021 میں بیٹنگ اور بولنگ کے شعبوں میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔
گزشتہ روز آئی سی سی کی جانب سے ’ٹی20 ٹیم آف دا ایئر‘ کا کپتان بھی قرار دیا تھا۔
پاکستان کے جارحانہ بیٹسمین فخر زمان بھی اس ٹیم کا حصہ ہیں۔
ٹیم کے باقی کھلاڑیوں میں آئرلینڈ کے پال سٹرلنگ، جنوبی افریقہ کے بیٹسمین جانمن ملان، وین ڈر ڈوسن، بنگلہ دیشی کھلاڑی شکیب الحسن، مشفق الرحیم، مستفیظ الرحمان سری لنکن کھلاڑی ونندو ہسانرگا اور سشمنتھا چمیرا شامل ہیں۔
پاکستان کے کپتان بابر اعظم نے سال 2021 میں چھ میچز کھیل کر 67.50 کی اوسط سے 405 رنز بنائے اور ان میں دو سینچریاں بھی شامل ہیں۔
آئی سی سی کی ون ڈے ٹیم میں شامل دوسرے پاکستانی کھلاڑی فخر زمان نے بھی سال 2021 میں چھ ون ڈے میچز کھیلے اور 60.83 کی اوسط سے 365 رنز بنائے جن میں دو سینچریا بھی شامل ہیں۔
پچھلے سال جنوبی افریقہ کے خلاف 193 رنز کی انفرادی اننگز ان کے کیریئر کی شاندار اننگز میں سے ایک ہے۔
پاکستان میں سوشل میڈیا صارفین بابر اعظم کی کامیابیوں پر پھولے نہیں سما رہے۔
’مارو‘ نامی ٹوئٹر صارف نے پاکستانی کپتان کی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’شاید میں یہ ہزارویں مرتبہ کہہ رہا ہوں لیکن پھر بھی کہوں گا: یہ عہد بابر ہے جس میں ہم جی رہے ہیں۔‘

حذیفہ نامی ٹوئٹر صارف نے لکھا ’کل آئی سی سی کی ٹی20 ٹیم آف دا ایئر کے کپتان نامزد ہوئے، آج آسی سی کی ون ڈے ٹیم کے کپتان نامزد ہوئے، یہ کپتان بابر اعظم کے لیے ایک یادگار سال ہے۔‘

ایک ٹویٹ میں فریال نامی صارف نے لکھا کہ ’پاکستان کے لیے بابر اعظم جیسے کھلاڑی کا ہونا فخر کی بات ہے۔‘

شیئر: