Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

حفظان صحت کی خلاف ورزی پرجدہ میں شاورما کی دکان سیل

اس حوالے سے وڈیو سوشل میڈیا پر وائرل تھی- (فوٹو العربیہ)
جدہ میونسپلٹی نے شہر کے  معروف محلے البغدادیہ کا مشہور شاورما ریستوران سیل کردیا- ’شاورما سیخ‘ کی بوٹیوں پر چوہے کے گھومنے پھرنے کے منظر پر مشتمل وڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی تھی-
العربیہ نیٹ کے مطابق جدہ میونسپلٹی نے شاورما ریستوران کے خلاف سخت سزاؤں کا فیصلہ کیا ہے- وزارت بلدیات و دیہی و آباد کاری امور اس حوالے سے عبرتناک سزائیں مقرر کیے ہوئے ہے-
وڈیو کلپ میں دیکھا جاسکتا ہے کہ بڑا چوہا شاورما سیخ کی بوٹیوں پر چل رہا ہے اور اطمینان سے شاورما کا مزہ لوٹ رہا ہے- اس دوران ریستوران کے کسی بھی اہلکار نے اس کا نوٹس نہیں لیا- ایک گاہک نے یہ منظر دیکھ کر اس کی وڈیو بناکر سوشل میڈیا پر جاری کردی تو ہنگامہ برپا ہوگیا-
سوشل میڈیا کے صارفین نے مذکورہ وڈیو پر شدید غم و غصے کا اظہار کیا- جس نے بھی دیکھا حیران رہ گیا- بعض نے جو مذکورہ ریستوران کے شاورما کے دلدادہ تھے شاورما کے  بائیکاٹ کا فیصلہ کرلیا-
یاد رہے کہ شاورما مملکت کے بڑے شہروں کے سعودی اور غیرملکی باشندوں کی پسندیدہ ترین خوراک ہے- سیخ میں مرغی کے گوشت یا بکرے کے گوشت کے ٹکڑے ایک دوسرے کے اوپر تہہ در تہہ جما دیے جاتے ہیں اور پھر ہیٹر کی حرارت سے اس گوشت کوسیکا جاتا ہے- بوٹیوں کے درمیان ٹماٹر، پیاز اور روٹی کے ٹکڑے بھی رکھے جاتے ہیں- شاورما کے ریستوران فاسٹ فوڈ میں بے حد مقبول ہیں-
 
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے اردو نیوز گروپ جوائن کریں

شیئر: