Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

تطمن کلینکس 3 زمروں کے لیے ہیں، کورونا ٹیسٹ کی شرائط کیا ہیں؟

937 پر رابطہ کر کے مدد حاصل کی جا سکتی ہے۔ (فوٹو: ایس پی اے)
وزارت صحت کے ترجمان ڈاکٹر محمد العبد العالی نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کی علامتیں واضح طور پر نظر آنے ہی کی صورت میں کورونا ٹیسٹ ہوگا۔
عاجل ویب سائٹ کے مطابق وزارت صحت کے ترجمان نے اتوار کو پریس کانفرنس میں بتایا کہ سعودی عرب نے پورے ملک میں ’تطمن  کلینکس‘ قائم کر رکھے ہیں۔ بنیادی طور پر یہ شدید مرض میں مبتلا ہوجانے والے افراد کے لیے قائم کیے گئے ہیں۔ 
یہاں کورونا وائرس کی اہم علامتیں شدت سے نظر آنے اور ٹمپریچر بڑھ جانے والوں کا علاج کیا جاتا ہے۔ یہ کلینکس لیباریٹری ٹیسٹ کے لیے نہیں بنائے گئے، یہاں لیب کی سہولت مہیا ہے مگر ہر کس و ناکس کے لیے نہیں۔
یہاں صرف کورونا کے ایسے مریضوں کا طبی معائنہ و علاج کیا جاتا ہے جن کا کیس شدید نوعیت کا ہو۔
العبد العالی نے کہا کہ تطمن کلینکس کا طبی عملہ ضرورت پڑنے پر متاثرین کو ہسپتالوں میں منتقل کردیتا ہے۔
وزارت صحت کے ترجمان نے توجہ دلائی کہ اگر کورونا ویکسین کی خوراکیں لینے والوں میں سے کوئی وائرس کا شکار ہوگیا ہو تو وہ تطمن کلینکس کے ذریعے طبی معائنہ کرا کر اطمینان حاصل کر سکتا ہے یا گھر پر ٹیسٹ کر سکتا ہے یا 937 پر رابطہ کرکے مدد حاصل کر سکتا ہے۔
وزارت صحت کے ترجمان نے کہا کہ اگر ویکسین نہ لگوانے والے کسی شخص پر کورونا وائرس کی علامتیں نمودار ہوجائیں تو وہ خود کو قرنطینہ کر لے اور چوتھے یا پانچویں روز ٹیسٹ کرائے۔
العبد العالی نے کہا کہ جو لوگ کورونا ویکسین کی دونوں خوراکیں لے چکے ہوں اور وہ کورونا وائرس میں مبتلا ہو گئے ہوں وہ  صحت یاب ہوتے ہی بوسٹر ڈوز لے سکتے ہیں۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے اردو نیوز گروپ جوائن کریں

شیئر: