Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مہنگائی سے متعلق سوال پر بائیڈن کی صحافی کو ’گالی‘

صحافی پیٹر ڈوسی نے بتایا کہ ابھی تک کسی نے ان سے معاملے کی جانچ نہیں کی ہے (فوٹو: اے ایف پی)
امریکی صدر جو بائیڈن نے وائٹ ہاؤس میں ایک تقریب کے بعد مہنگائی کے حوالے سے سوال کرنے پر فاکس نیوز کے صحافی کو گالی دے ڈالی۔
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق جب صحافی تقریب کے بعد کمرے سے باہر نکل رہے تھے تو قدامت پسندوں کے پسندیدہ چینل فاکس نیوز کے ایک رپورٹر نے سوال کیا کہ ’کیا مہنگائی سیاسی ناکامی ہے؟‘
جو بائیڈن جو شاید اس بات سے بے خبر تھے کہ ان کا مائیکروفون ابھی بھی آن ہے، نے کہا کہ ’یہ ایک بہت بڑا اثاثہ ہے۔ مزید مہنگائی۔‘ اور پھر انہوں نے بڑبڑاتے ہوئے اس صحافی کو گالی دی۔
ایک پول رپورٹر جو اس وقت کمرے میں موجود تھے، نے اعتراف کیا کہ وہ شور میں یہ سننے سے قاصر تھے کہ بائیڈن نے کیا کہا۔
تاہم انہوں نے کہا کہ ’اگر آپ جاننا چاہتے ہیں کہ فاکس کے (صحافی) پیٹر ڈوسی سے مہنگائی کے بارے میں سوال کیے جانے پر صدر نے کیسا محسوس کیا تو آپ کی توجہ اس تقریب کی ویڈیو کی طرف مبذول کرا سکتے ہیں۔‘
پیٹر ڈوسی نے فاکس نیوز کو انٹرویو میں بتایا کہ ابھی تک کسی نے ان سے اس (معاملے) کی جانچ نہیں کی ہے۔ ڈوسی کے بقول ’یہ سچ نہیں ہے۔‘
انہوں نے بعد میں بتایا کہ بائیڈن نے انہیں ایک گھنٹے کے اندر فون کیا اور کہا کہ ’یہ کچھ ذاتی (معاملہ) نہیں ہے، دوست۔‘

شیئر: