Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’دوبارہ‘ پھر موضوع بحث،’بڑی عمر کی عورت سے شادی کرنے میں کوئی حرج نہیں‘

ڈراما ’دوبارہ‘ میں معاشرے کے ایک ایسے پہلو کو اجاگر کیا گیا ہے جس میں بیوہ عورت دوبارہ شادی کرتی ہے۔۔ (فوٹو: حدیقہ کیانی، فیس بک)
پاکستانی ڈرامے منفرد کہانی، مختلف پہلوؤں، معاشرے کے مسائل اور حقیقت کے قریب تر ہونے کی وجہ سے نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا بھر میں دیکھے اور پسند کیے جاتے ہیں۔ ایسا ہی ایک ڈرامہ ’دوبارہ‘ گذشتہ ہفتے سے موضوع بحث بنا ہوا ہے۔
ڈرامہ ’دوبارہ‘ میں معاشرے کے ایک ایسے پہلو کو اجاگر کیا گیا ہے جس میں بیوہ عورت دوبارہ شادی کرتی ہے۔ اس حوالے سے سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے مختلف طرح کے تبصرے کیے جا رہے ہیں۔
ڈرامہ ’دوبارہ‘ میں مہرالنسا (مہرو) کا کردار پاکستانی معاشرے کی بہت سی روایات کو چیلنج کر رہا ہے۔ یہ ڈرامہ ایک ایسی لڑکی کی زندگی پر مبنی ہے جو کم عمری میں اپنے سے بڑی عمر کے شخص کے ساتھ شادی کے بعد اپنے شوہر کی مرضی کے مطابق زندگی گزارنے پر مجبور ہوتی ہے۔
کیسے کپڑے پہننے ہیں، کیسا میک اپ کرنا ہے، کہاں جانا ہے، کس سے ملنا ہے، یہ فیصلہ بھی وہ نہیں بلکہ اس کا شوہر کرتا تھا۔ ایسے میں بہت سے خواب اور خواہشیں اس کے دل میں ہی کہیں دفن ہو جاتی ہیں۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر ڈرامے کے حوالے سے ہونے والے تبصروں میں کچھ صارفین اس موضوع کو اجاگر کرنے کے حق میں بات کرتے دکھائی دے رہے ہیں جبکہ اکثر صارفین کا کہنا ہے کہ بیوہ عورت بھی بچوں کی پرورش کر سکتی ہے اور اکیلی زندگی گزار سکتی ہے۔
ٹوئٹر صارف بلال نے لکھا ہے کہ ’ ہم ٹی وی نے معیاری مواد بنایا ہے لیکن ہمارے ہاں ساس بہو اور روایتی پیار محبت کی کہانیاں زیادہ دیکھی جاتی ہیں۔ اس ڈرامے کو سراہنا چاہیے۔‘

ٹوئٹر ہینڈل ویزرڈ پر لکھا گیا کہ ’اگر ایک آدمی اپنی عمر سے بڑی عورت سے شادی کرتا ہے، اس میں کوئی حرج نہیں ہے یہ بالکل ٹھیک ہے۔ عورت کو بھی نئی زندگی شروع کرنے کا حق ہے۔ ہمارے معاشرے کو یہ بات سمجھنے کی ضرورت ہے۔‘

سوشل میڈیا یوزر جبران عباسی لکھتے ہیں کہ ’میرے خیال میں یہ بہت اچھا ڈرامہ ہے جس میں بیوہ کی شادی کو فروغ دیا جا رہا ہے۔‘

بیوہ عورت کی بچوں کی پرورش اکیلی کر سکتی ہے، اس بات کے حق میں ٹویٹ کرتے ہوئے ٹوئٹر صارف زرلال تصویر شیئر کرتی ہیں اور لکھتی ہیں کہ ’کرسچن کمیونٹی سے یہ سٹاف نرس ہیں جن کے شوہر 35 سال کی عمر میں انتقال کر گئے تھے۔ اس وقت ان کے چار بچے پرائمری سکول میں تھے۔ آخر کار وہ اپنے مقصد میں کامیاب ہو گئی۔‘
انہوں نے بتایا کہ اب ان کے تین بچے کوالیفائڈ ڈاکٹرز جبکہ ایک بیٹی فارماسسٹ ہیں۔‘

 یاد رہے کہ گلوکارہ و اداکارہ حدیقہ کیانی پہلی بار بلال عباس کے ساتھ ڈرامہ سیریل میں دکھائی دے رہی ہیں۔

شیئر: