Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پنجاب کی وزیر صحت یاسمین راشد تیسری مرتبہ کورونا کا شکار

ویکسینیشن کی جعلی انٹری کرنے والے افسران کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔‘(فوٹو: اے ایف پی)
پنجاب کی وزیر صحت یاسمین راشد گذشتہ دو برسوں میں تیسری مرتبہ کورونا کا شکار ہوئی ہیں اور وہ پہلی حکومتی شخصیت ہیں جن کا تیسری مرتبہ کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔
یاسمین راشد کے ترجمان حماد رضا نے اردو نیوز کو بتایا کہ ’یاسمین راشد اسی سال جنوری کے مہینے میں دوسری مرتبہ کورونا کا شکار ہوئی ہیں۔ اس سال ان پر کورونا کا پہلا حملہ دو جنوری 2022 کو ہوا لیکن اس میں ان کو زیادہ علامات ظاہر نہیں ہوئیں۔ دوسرا حملہ ان پر 26جنوری کو ہوا ہے۔‘
حماد رضا نے بتایا کہ یاسمین راشد کو اس مرتبہ علامات ظاہر ہوئی ہیں اور انہوں نے اپنے آپ کو گھر میں قرنطینہ کیا ہوا ہے۔ وزیر صحت کی علامات زیادہ گھمبیر نہیں ہیں اس لیے وہ گھر پر ہی آرام کر رہی ہیں۔
ویسے تو حکومتی شخصیات ہوں یا مختلف شعبہ ہائے زندگی کی بڑی شخصیات ان میں سے یاسمین راشد جو کہ پنجاب کی صوبائی وزیر ہیں واحد خاتون ہیں جن کو کورونا تین بار ہوا ہے پاکستان کے اپوزیشن لیڈر شہباز شریف بھی اس وقت کورونا میں مبتلا ہیں لیکن ان کو دوسری مرتبہ یہ مرض لاحق ہوا ہے۔
اس وقت پنجاب میں کرونا کی چوتھی لہر جاری ہے محکمہ صحت کے اعداد و شمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں میں صوبہ بھر میں کورونا کے 1842 کیسز سامنے آئے ہیں۔

’ویکسینیشن مہم کے دوران جعلی انٹری کے حوالے سے زیروٹالرنس پالیسی پر 100 فیصد عمل درآمد کروایا جائے گا۔ (فوٹو: اے ایف پی)

پنجاب کے تمام شہروں میں کورونا کے بڑھنے کی شرح سات فیصد ہے جبکہ سب سے زیادہ صوبائی دارالحکومت لاہور میں کورونا کے بڑھنے کی شرح 15 فیصد تک پہنچ چکی ہے جبکہ دوسرے نمبر پر پنجاب کا شہر راولپنڈی ہے جہاں کورونا کے پھیلاؤ کی شرح 14 فیصد ہے۔
گذشتہ 24 گھنٹوں میں پنجاب میں سات اموات کورونا کی وجہ سے رپورٹ کی گئی ہیں جبکہ اس وبا کے آغاز سے لے کر آج تک پنجاب میں اموات کی کل تعداد 13123 ہو چکی ہے۔
 پنجاب میں ویکسینیشن کے عمل میں بھی خاطر خواہ تیزی لائی جارہی ہے سیکریٹری محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری بلوچ نے اردو نیوز کو بتایا کہ ہر دروازے پر جا کر ویکسین لگانے کا تیسرا مرحلہ شروع ہو چکا ہے جس کو  ریڈ تھری کا نام دیا گیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ’ریچ ایوری ڈورویکسینیشن مہم فیز تھری کے دوران آٹھ کروڑ سے زائد افراد کی ویکسینیشن کو یقینی بنایا جائے گا۔ ریڈ ون اور ٹو کے دوران پنجاب کی 59 فیصد آبادی کو مکمل طور پر ویکسی نیٹ کیا جا چکا ہے۔
خیال رہے کہ ریڈ تھری کا پہلا فیز 14-1 فروری اور کیچ اپ فیز 27-15 فروری تک جاری رہے گا۔

محکمہ صحت کے اعداد و شمار کے مطابق گذشتہ چوبیس گھنٹوں میں صوبہ بھر میں کورونا کے 1842 کیسز سامنے آئے ہیں۔ (فوٹو: اے ایف پی)

سیکریٹری صحت کے مطابق سکیورٹی رسک ایریاز میں ویکسینیشن کے دوران فول پروف سیکورٹی فراہم کی جائے گی۔ جبکہ اس فیز میں ویکسینیشن سے انکار کرنے والوں کو ترغیب دی جائے گی۔ 
 ان کا کہنا تھا کہ ’ویکسینیشن مہم کے دوران جعلی انٹری کے حوالے سے زیروٹالرنس پالیسی پر 100 فیصد عمل درآمد کروایا جائے گا۔ویکسینیشن کی جعلی انٹری کرنے والے افسران کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
سیکریٹری صحت کا کہنا تھا کہ میڈم یاسمین راشد کی ٹیم اسی مستعدی سے کورونا کے خلاف جنگ لڑ رہی ہے جیسا کی ان کی موجودگی میں تھی۔ اور وہ جلد صحت یاب ہو کر اپنے ٹیم کے ہمراہ ہوں گی۔
خیال رہے کہ اس سے پہلے 2020 میں بھی کورونا کی پہلی لہر یاسمین راشد کو کورونا ہو گیا تھا۔لیکن ایک ہی مہینے میں ان کو یہ دوسری بار وائرس کا حملہ ہوا ہے۔

شیئر: