Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

غلط معلومات کا پھیلانا معاشرے میں ہم آہنگی کے لیے خطرہ: آرمی چیف

پاکستانی فوج کے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ ذاتی مفادات کی خاطر غلط معلومات کا پھیلانا نہ صرف غلط فہمیاں پیدا کررہا ہے بلکہ معاشرے میں ہم آہنگی کے لیے بھی خطرہ ہے۔
پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے لاہور گیریژن کا دورہ کیا۔ ان کو فارمیشن کے مختلف آپریشنل اور تربیتی امور سے متعلق بریفنگ بھی دی گئی۔
اس کے بعد آرمی چیف سے لمز، ایف سی یو، یو ای ٹی، ایل سی ای، پی یو اور جی سی یو کے وائس چانسلرز، فیکلٹی اور طلبہ و طالبات نے ملاقات کی۔
آرمی چیف نے مستقبل کی قیادت اور ملک کا مفید شہری بنانے پر تعلیمی اداروں کع سراہا اور کہا کہ تعلیم، صحت، انفراسٹرکچر، صنعت اور ماحولیات کے شعبوں میں انسانی وسائل کی ترقی کی اشد ضرورت ہے۔
جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ ’دشمن قوتوں کے عزائم ناکام بنانے کے لیے متحد رہنے کی ضرورت ہے۔‘
’پاکستانی نوجوان انتہائی باصلاحیت ہیں، مناسب مواقع اور سازگار ماحول مہیا کرنے سے نوجوان پاکستان کو ترقی اور خوش حالی کی جانب لے جائیں گے۔‘
تعلیمی اداروں کے فیکلٹی اراکین اور طلبہ و طالبات نے آرمی چیف سے سیشن کے دوران سوالات بھی کیے اور بات چیت کو مثبت قرار دیا۔
سیشن کے دوران کور کمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل محمد عبدالعزیز بھی موجود تھے۔

شیئر: