Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سی آئی اے کے سربراہ کی آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات

سی آئی اے کے سربراہ نے  افغانستان میں انخلا کے کامیاب آپریشن اور خطے کے استحکام کی کوششوں کے لیے پاکستان کے کردار کو سراہا (فوٹو: آئی ایس پی آر)
پاکستان کی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق امریکی انٹیلی جنس ایجنسی سی آئی اے کے سربراہ ولیم جوزف برنز کی آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں پاکستانی انٹیلیجنس ایجنسی کے سربرال لیفٹننٹ جنرل فیض حمید بھی موجود تھے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، خطے کی سکیورٹی صورتحال اور افغانستان کی موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں اس عزم کو دہرایا گیا کہ پاکستان خطے میں امن اور افغان شہریوں  کے خوشحال مستقبل کو یقینی بنانے کے لیے اپنے اتحادیوں کے ساتھ تعاون جاری رکھے گا۔
مزید پڑھیں
سی آئی اے کے سربراہ نے  افغانستان میں انخلا کے کامیاب آپریشن اور خطے کے استحکام کی کوششوں کے لیے پاکستان کے کردار کو سراہا اور مستقبل میں پاکستان کے ساتھ سفارتی تعاون میں بہتری لانے کے لیے ہر سطح پر کردار کرنے کا اعادہ کیا۔
یاد رہے کہ امریکہ نے طالبان کی نئی حکومت کے ارکان سے متعلق تشویش کا اظہار کیا تھا اور یہ واضح کیا تھا ’ان کے برتاؤ کی بنیاد پر رائے قائم کی جائے گی۔‘
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نیڈ پرائس نے کہا تھا کہ طالبان کی جانب سے اعلان کردہ فہرست میں صرف ان کی تحریک کے ارکان یا قریبی ساتھی شامل ہیں جبکہ کسی خاتون کا انتخاب نہیں کیا گیا۔
پاکستانی فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے چھ ستمبر کو جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں یوم دفاع پاکستان کی مرکزی تقریب سے خطاب میں کہا تھا کہ افغانستان کی صورت حال امن کا ایک موقع بھی ہو سکتی ہے اور خطرے کی گھنٹی بھی۔
 آرمی چیف کا کہنا تھا ’ہم جنگ کی تباہ کاریوں کے نتیجے میں افغان عوام کے دکھ درد کو محسوس کر سکتے ہیں اور ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔‘

شیئر: