Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

تیجسوی پرکاش نے بگ باس 15 کا ٹائٹل اپنے نام کر لیا

شو کے دوران تیجسوی پرکاش اور کرن کندرا کی جوڑی کو مداحوں نے بہت پسند کیا۔(فوٹو: تیجسوی پرکاش فیس بک)
انڈیا کے مشہور ٹی وی رئیلیٹی شو بگ باس سیزن 15 کے اختتام پر تیجسوی پرکاش رواں سیزن کی فاتح قرار پائیں۔
این ڈی ٹی وی کے مطابق پانچ امیدوار بگ باس 15 کے فائنل میں پہنچے، جن میں تیجسوی پرکاش، کرن کندرا، پراتیک سہجپال، شمیتا شیٹی اور نشانت بھٹ شامل تھے۔
مداحوں کی جانب سے ملنے والے ووٹوں کی دوڑ میں تیجسوی پرکاش نے ماڈل پراتیک سہجپال کو شکست دے کر بگ باس 15 کا ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔
بگ باس سیزن 15 میں جیت کا ٹائٹل اپنے نام کرنے کے ساتھ ساتھ تیجسوی پرکاش کو 40 لاکھ انڈین روپے نقد انعام بھی دیا گیا۔
شو کے فاتح کا اعلان میزبان اور بالی وڈ سپر سٹار سلمان خان نے کیا۔
اداکارہ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر مداحوں اور چاہنے والوں کا شکریہ بھی ادا کیا۔

شو کے دوران 28 سالہ اداکارہ تیجسوی پرکاش اور کرن کندرا کی جوڑی کے کافی چرچے رہے، جسے مداحوں نے بے حد پسند کیا۔
خیال رہے کہ اس سیزن کے دوران پانچ فائنلسٹس کو ایک سوٹ کیس پیش کیا گیا تھا، جس کی قیمت 10 لاکھ روپے تھی، نشانت بھٹ نے نقد رقم لینے کا فیصلہ کرتے ہوئے خود کو فائنل ٹرافی کی دوڑ سے باہر کر لیا تھا۔
بگ باس سیزن 15 کے فائنل میں گذشتہ برس بگ باس میں حصہ لینے والے گوتم گلاٹی، روبینہ دلائک، شویتا تیواری، اروشی ڈھولکیا اور گوہر خان نے بھی پرفارم کیا۔

شیئر: