Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان کی عرب امارات پر میزائل حملے کی شدید مذمت

امارات پر ہونے والا میزائل حملہ ناکام بنا دیا گیا تھا۔ فائل فوٹو اے ایف پی
پاکستان کے دفتر خارجہ نے یمن کے حوثیوں کی جانب سے متحدہ عرب امارات پر میزائل داغے جانے کی شدید مذمت کی ہے۔ 
پیر کو دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ’متحدہ عرب امارات کے فضائی دفاعی نظام کی جانب سے کامیابی کے ساتھ میزائل کو روک دینا قابل داد ہے، جس سے معصوم جانوں کا نقصان ہونے سے بچ گیا۔‘
بیان کے مطابق ’پاکستان ایسے حملوں کو بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی اور علاقائی امن اور سلامتی کے لیے  شدید خطرہ تصور کرتا ہے۔‘
پاکستان نے ایسے حملوں کی فوری روک تھام کا مطالبہ کیا ہے۔
بیان میں پاکستان کی جانب سے امارات کی حکومت اور اس کی عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ متحدہ عرب امارات نے یمن کے حوثی باغیوں کی جانب سے داغا ایک بیلسٹک میزائل تباہ کر دیا تھا۔
 متحدہ عرب امارات کی وزارت دفاع نے پیر کو بتایا کہ ’یہ حملہ اس وقت کیا گیا جب اسرائیل کے صدر اسحاق ہرزوگ امارات کے دورے پر تھے۔‘
 وزارت دفاع کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ’اس میزائل آبادی سے باہر گرنے کے باعث کوئی نقصان نہیں ہوا تھا۔‘
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ’متحدہ عرب امارات کی ائیر فورس اور اتحادی فورسز نے مل کر یمن کے الجوف صوبے میں واقع میزائل لانچنگ سائٹ کو تباہ کر دیا۔‘
واضح رہے کہ حوثی باغیوں کی جانب سے یہ حملہ اسرائیلی صدر کی امارات آمد کے چند ہی گھنٹوں بعد کیا گیا۔ اس سے قبل 17 جنوری کو حوثی باغیوں نے ابوظبی نیشنل آئل کمپنی اور فیول ڈپو پر ڈرون اور میزائل حملے کیے تھے جس کے نتیجے میں تین افراد ہلاک جبکہ چھ زخمی ہو گئے تھے۔

شیئر: