Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پی ایس ایل: ناقابل شکست ملتان سلطانز نے ایک اور فتح اپنے نام کر لی

ملتان سلطانز نے اپنے تینوں میچ جیتے ہیں (فوٹو: پی ایس ایل)
پاکستان سپر لیگ سیزن سیون (پی ایس ایل 7) کے آٹھویں میچ میں دفاعی چیمپئن ملتان سلطان نے ناقابل شکست رہنے کا اعزاز برقرار رکھا تو اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف میچ 20 رنز سے اپنے نام کر لیا۔
منگل کے روز کراچی کے نیشنل سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے ٹاس جیت کے پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تو ملتان سلطانز نے مقررہ 20 اوورز میں 217 رنز بنا ئے۔
218 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بیٹنگ کرتے ہوئے اسلام آباد یونائیٹڈ کی پوری ٹیم 197 رنز بنا کر بیسویں اوور کی چوتھی گیند پر آؤٹ ہو گئی۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کو پال سٹرلنگ کی صورت میں پہلا نقصان ہوا جب اوپنر بلے باز انور علی کی گیند پر ڈیوڈ ولی کو کیچ تھما بیٹھے۔ انہوں نے 10 گیندیں کھیل کر چار چوکوں کی مدد سے 19 رنز بنائے۔
چھٹے اوور کی پہلی گیند پر الیکس ہیلز 23 رنز بنانے کے بعد رومان رئیس کو کیچ تھما بیٹھے، ان کی وکٹ ڈیود ولی کے حصے میں آئی تو اسلام آباد کا مجموعی سکور 57 تھا۔
رحمان اللہ گرباز خوشدل شاہ کے پہلے ہی اوور میں 15 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تو ٹیم کا مجموعی سکور 81 تھا۔
ٹیم کے مجموعے میں محض ایک سکور کے اضافے کے ساتھ فہیم اشرف بھی خوشدل شاہ کا شکار بنے۔
وکٹ کیپر بلے باز اعظم خان 12 گیندوں پر اتنے ہی رنز بنا کر باؤنڈری کے قریب کیچ آؤٹ ہوئے، ان کی وکٹ بھی خوشدل شاہ کے حصے میں آئی۔
سات گیندوں پر 15 رنز بنانے کے بعد آصف علی آؤٹ ہوئے تو اسلام آباد یونائیٹڈ کا سکور 138 تھا۔
کپتان شاداب خان نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 42 گیندوں پر 91 رنز بنائے، جس میں پانچ چوکے اور نو چھکے شامل تھے۔ ان کی وکٹ رومان رئیس کے حصے میں آئی تو ٹیم کا مجموعی سکور 194 تھا۔
محمد وسیم تین رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تو اسلام آباد یونائیٹڈ جیت سے 20 رنز قبل ہمت ہار بیٹھے۔
ملتان سلطانز کی جانب سے خوشدل شاہ نے چار وکٹیں حاصل کیں، ڈیود ولی نے تین، رومان رئیس نے ایک اور انور علی نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

ملتان سلطانز کی اننگز

کراچی کے نیشنل سٹیڈیم میں جاری میچ میں ملتان سلطانز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پانچ وکٹیں کھو کر 217 رنز بنائے ہیں۔ یہ پی ایس ایل کے حالیہ سیزن میں کسی ٹیم کا سب سے زیادہ مجموعی سکور ہے۔
پی ایس ایل کے ابتدائی میچوں کی طرح اس مرتبہ بھی ملتان سلطانز کی جانب سے کپتان محمد رضوان اور شان مسعود نے اننگز اوپن کی۔
گزشتہ میچ کی طرح محمد رضوان اس مرتبہ بھی سب سے پہلے پویلین لوٹے۔ شان مسعود کی سیدھی شاٹ پر گیند بولنگ کرتے وسیم جونئیر کے ہاتھ سے لگ کر نان سٹرائیکر اینڈ کی وکٹ پر لگی تو محمد رضوان جو کریز چھوڑ چکے تھے آؤٹ ہو گئے۔
محمد رضوان آؤٹ ہوئے تو ٹیم کا مجموعی سکور 30 تھا۔
شان مسعود کی صورت میں ملتان سلطانز کو دوسرا نقصان اٹھانا پڑا جب وہ 65 کے مجموعی سکور پر ایک تیز گیند کو کھیلنے کی کوشش میں ایل بی ڈبلیو ہو کر پویلین لوٹ گئے۔
صہیب مقصود 13 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے تو ٹیم کا مجموعی سکور 78 تھا۔
ٹم ڈیوڈ اور رلی روسو نے مل کر ٹیم کا سکور آگے بڑھایا تو انیسویں اوور کی چوتھی گیند پر ٹم ڈیوڈ 71 رنز بنانے کے بعد کیچ آؤٹ ہو گئے۔ ان کی وکٹ وسیم جونیئر کے حصے میں آئی۔
خوشدل خان کھیلنے کے لیے وکٹ پر پہنچے مگر تین گیندوں پر 8 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹے تو ٹیم کا مجموعی سکور 203 ہو چکا تھا۔
رلی روسو 67 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے جب کہ اننگز کے اختتام پر وکٹر پر آنے والے انور علی کوئی سکور نہ کر سکے۔
ملتان سلطانز کی ٹیم تینوں میچ جیت کر اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف میدان میں اتری تو اس میں موجود کھلاڑیوں نے وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ مقابلہ سخت ہونے کا اقرار کیا۔

اسلام آباد یونائیٹڈ سکواڈ

پال سٹرلنگ، ایلکس ہیلز، رحمان اللہ گرباز، مبشر خان، شاداب خان (کپتان)، اعظم خان، آصف علی، فہیم اشرف، محمد وسیم، حسن علی اور مرچٹ دی لینگ
ملتان سلطانز سکواڈ
محمد رضوان (کپتان)، شان مسعود، صہیب مقصود، رلی روسو، خوش دل شاہ، ٹم ڈیوڈ، ڈیوڈ ولی، عباس آفریدی، عمران طاہر، انور علی، رومان رئیس

شیئر: