Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اسلام آباد یونائیٹڈ کی گلیڈی ایٹرز کے خلاف 43 رنز سے فتح، شاداب کی 5 وکٹیں

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے اب تک تین میچوں میں سے صرف ایک میں کامیابی حاصل کی ہے (فوٹو: پی ایس ایل)
پاکستان سپر لیگ سیزن سیون (پی ایس ایل7) کے دسویں میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے دیے گئے 230 رنز کے ہدف کے تعاقب میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی پوری ٹیم بیسویں اوور میں 186 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو پہلا نقصان اس وقت ہوا جب اوپنر عبدل بنگلزئی 14 رنز بنانے کے بعد حسن علی کے گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔ ان کے کچھ ہی دیر بعد جیمز ونس بغیر کوئی سکور کیے پویلین لوٹ گئے۔
احسان علی نے 27 گیندوں پر ایک اور ففٹی اننگز کھیلی تو وہ بھی شاداب خان کی گیند پر ایلکس ہیلز کو کیچ تھما بیٹھے۔
بین ڈکٹ 11 رنز بنا کر شاداب خان کا شکار ہوئے تو افتخار احمد بھی چھ رنز بنانے کے بعد شاداب خان کی گیند پر فہیم اشرف کو کیچ تھما بیٹھے۔
بارہویں اوور میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا سکور 97 ہوا تو کپتان سرفراز احمد بھی 13 گیندوں پر 11 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، ان کی وکٹ بھی شاداب خان کے حصے میں آئی۔
شاہد خان آفریدی 8 گیندوں پر چار رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹے تو ٹیم کا مجموعی سکور 110 ہوچکا تھا۔ ان کی وکٹ بھی شاداب خان نے حاصل کی۔
محمد نواز 22 گیندوں پر 47 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تو کوئٹہ کا سکور 186 ہوچکا تھا۔
اس کے کچھ ہی دیر بعد سہیل تنویر بھی دو گیندوں پر بغیر کوئی رنز بنائے وسیم جونیئر کا شکار بنے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی اننگز

مقررہ 20 اوور میں چار وکٹوں کے نقصان پر اسلام آباد یونائیٹڈ نے 229 رنز بنائے جس میں پال سٹرلنگ، کولن منرو اور اعظم خان کی ففٹی اننگز شامل تھیں۔
اسلام آباد یونائیٹڈ نے جارحانہ بیٹنگ کا آغاز کرتے ہوئے ابتدائی اوورز میں ہی سکور 50 تک پہنچا دیا تھا تاہم الیکس ہیلز جلد ہی 22 کے انفرادی سکور پر آؤٹ ہوگئے۔
پال سٹرلنگ آؤٹ ہوئے تو ٹیم کا مجموعی سکور 102 تھا۔ انہوں نے 28 گیندوں پر 58 رنز بنائے۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کو تیسرا نقصان کپتان شاداب خان کی صورت اٹھانا پڑا جو نو گیندوں پر اتنے ہی رنز بنا کر محمد نواز کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔
وکٹ کیپر بلے باز اعظم خان آؤٹ ہوئے تو انہوں نے 35 گیندوں پر 65 رنز بنائے تھے۔ یہ وکٹ پی ایس ایل سیون میں اپنا پہلا میچ کھیلنے والے شاہد خان آفریدی کے حصے میں آئی۔
تین چوکوں اور پانچ چھکوں کے ساتھ 39 گیندوں پر 72 رنز بنانے والے کولن منرو ناٹ آؤٹ رہے۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے محمد نواز نے دو اور فیمز فالکنر اور شاہد آفریدی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
اس سے قبل ٹاس جیتنے کے بعد کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ شاہد خان آفریدی کے ڈریسنگ روم میں آنے سے ٹیم کا مورال ہائی ہوا ہے۔

شیئر: