’رمضان میں فلسطینی عوام کو ریلیف‘سعودی عرب نے نیا امدادی قافلہ غزہ بھیج دیا
اس امدادی قافلے میں بڑی تعداد میں فوڈ باسکٹس شامل ہیں۔(فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب نے فلسطینی عوام کےلیے جاری انسانی کوششوں کے ایک حصے کے طور پر پیر کو نیا امدادی قافلہ غزہ بھیجا ہے۔
ایس پی اے کے مطابق اس قافلے میں بڑی تعداد میں فوڈ باسکٹس شامل ہیں۔
سعودی سینٹر فار کلچر اینڈ ہیریٹج جو غزہ کی پٹی میں شاہ سلمان مرکز کا ایگزیکٹیو پارٹنر ہے، نے امداد وصول کی جسے متاثرہ فلسطینی خاندانوں میں تقسیم کیا جائے گا۔
یہ امداد غزہ میں فلسطینی عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے شروع کی جانے والی مہم کا حصہ ہے تاکہ رمضان کے دوران غزہ میں فلسطینی عوام کے مصائب کو کم کیا جا سکے۔
شاہ سلمان مرکز کی جانب سے اب تک 82 طیاروں اور آٹھ بحری جہازوں کے ذریعے ہزاروں ٹن امدادی سامان غزہ کےلیے بھیجا گیا ہے۔
اس میں شیلٹرز، طبی اور غذائی سامان کے علاوہ فلسطینی ہلال احمر سوسائٹی کو دی جانے والی 20 ایمبولینسں شامل ہیں۔

مرکز نے غزہ کی پٹی میں فلسطینی عوام کے لیے امدادی منصوبوں کی فنڈنگ کےلیے متعدد بین الاقوامی تنظیموں کےساتھ معاہدوں پر بھی دستخط کیے جن کی مجموعی مالیت 90.35 ملین ڈالر ہے۔
