Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ایکسپائر اقامہ پر وطن واپسی کیسے ممکن ہوگی؟

جوازات کا کہنا ہے کہ خروج نہائی ویزے کے لیے لازمی ہے کہ اقامہ کارآمد ہو۔ (فائل فوٹو)
سعودی عرب میں رہنے والے غیر ملکی کارکنوں کے لیے لازمی ہے کہ اقامہ کو اپ ڈیٹ رکھیں۔ قانون کے مطابق اقامہ ایکسپائر ہونے کی صورت میں 500 ریال جرمانہ عائد کیا جاتا ہے۔
اگر اقامہ کی تجدید میں دوسرے برس بھی تاخیر ہوتی ہے تواس صورت میں جرمانہ ایک ہزار ریال عائد کیا جاتا ہے جبکہ تیسری بار بھی تاخیر پر قانون کے مطابق اقامہ ہولڈر کو ڈی پورٹ کیا جاتا ہے۔
اقامہ اور ہروب کے حوالے سے ایک شخص نے جوازات سے دریافت کیا کہ ’سپانسر نے ہروب فائل کر دیا ہے جبکہ پاسپورٹ اور اقامہ بھی اس کے پاس ہے نہ وہ فائنل ایگزٹ لگاتا ہے اور نہ ہی اقامہ دیتا ہے میں واپس جانا چاہتا ہوں کیا کروں؟
سوال کا جواب دیتے ہوئے جوازات کا کہنا تھا کہ مذکورہ کیس میں وزارت افرادی قوت و سماجی بہبود آبادی کے ذیلی ادارے سے رجوع کیا جائے جہاں کیس کی تفصیل لکھ کر درخواست دیں تاکہ وہ معاملے کا مناسب حل نکالیں۔
واضح رہے وزارت افرادی قوت کے تحت لیبر کورٹس قائم ہیں جہاں آجر و اجیر کے مابین تنازعات کو حل کیا جاتا ہے۔ اس مد میں وزارت افرادی قوت کی ذیلی لیبر کورٹس میں درخواست دائر کرنے سے قبل اس امر کا جائزہ لیا جائے کہ ہروب فائل کیے جانے کی وجوہات کیا تھیں۔
عدالت میں ہروب کو چیلنچ کرنے کے لیے ٹھوس اور واضح ثبوت کا ہونا ضروری ہے جس میں یہ ثابت کیا جاسکے کہ ہروب غلط لگایا گیا ہے۔
اگر عدالت میں یہ ثابت ہو جائے کہ ہروب غلط لگایا گیا ہے تو اس صورت میں عدالت ہروب کو کینسل کرنے کا حکم دیتی ہے جس کے بعد اقامہ تجدید کرانے کے بعد خروج نہائی یعنی فائنل ایگزٹ لگایا جاسکتا ہے۔

وزارت افرادی قوت کے تحت لیبر کورٹس قائم ہیں جہاں آجر و اجیر کے مابین تنازعات کو حل کیا جاتا ہے۔ (فوٹو: اے ایف پی)

 ایک اور شخص کی جانب سے دریافت کیا گیا کہ ’اقامہ ختم ہوئے 80 دن گزر چکے ہیں، خروج نہائی جانا چاہتا ہوں مگراہل خانہ پرعائد فیس ادا نہیں کی، کیا کروں؟
اس حوالے سے جوازات کا کہنا تھا کہ خروج نہائی ویزے کے لیے لازمی ہے کہ اقامہ کارآمد ہو اور اس کی مدت میں کم ازکم 60 دن باقی ہوں۔
اقامہ تجدید کرانے کے بعد خروج نہائی فائنل ایگزٹ لگایا جا سکتا ہے۔  
جہاں تک اہل خانہ کی فیس جسے عربی میں رسوم المرافقین کہا جاتا ہے، کے حوالے سے دریافت کیا گیا ہے تویہ ادا کرنا ضروری ہے۔
فیملی فیس یا رسوم المرافقین امسال 400 ریال ماہانہ کے حساب سے عائد کی جاتی ہے۔ ہرایک فرد کے لیے ماہانہ 400 ریال ادا کریں اور جتنی مدت کی تاخیر ہوئی ہے اسے ادا کرنے کے بعد اقامہ تجدید کرایا جاسکتا ہے۔
واضح رہے رواں برس اقامہ کی تجدید کے لیے سہہ ماہی کی سہولت فراہم کی گئی ہے جس کے تحت مذکورہ مدت کے لیے اقامہ کی فیس اور فیملی فیس ادا کرنے کے بعد اقامہ تجدید کرایا جاسکتا ہے۔

شیئر: