Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

دبئی میں پلاسٹک کے تھیلے استعمال کرنے پر فیس دینا ہو گی

یکم جولائی سے دبئی میں پلاسٹک کے تھیلوں کے ایک مرتبہ استعمال کر 25 فِلس ادا کرنا ہوں گے (فوٹو: اے ایف پی)
دبئی میں پلاسٹک کے تھیلے استعمال  کرنے پر اب فیس دینا پڑے گی، یکم جولائی سے نافذ ہونے والے ضابطے کے مطابق ہر ایک استعمال پر 25 فلس ادا کرنا ہوں گے۔
عرب نیوز نے سرکاری نیوز ایجنسی وام کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا ہے کہ اس اقدام کا مقصد ماحولیاتی آلودگی کم کرنے، آب و ہوا کو صاف رکھنے کے ساتھ ساتھ پلاسٹک کے زیادہ استعمال کی حوصلہ شکنی بھی ہے۔
دبئی کی ایگزیکٹیو کونسل نے ایک ضابطے کی منظوری دی ہے جو کہ امارات کے تمام سٹورز پر نافذ ہو گا جبکہ اس کا دائرہ آن لائن اور ای کامرس کے ذریعے بھیجی جانے والی مصنوعات تک بھی ہو گا۔
یہ نیا طریقہ کار دو سال تک نافذ رہے گا اور دو سال تک اس کے مختلف مراحل کا جائزہ لیا جاتا رہے گا جب تک پلاسٹک کے تھیلوں کے استعمال پر مکمل پابندی نہیں لگائی جاتی۔
اقدام کا مقصد ماحول کو بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ رہائشیوں کے معیار زندگی کو بھی بلند کرنا ہے کیونکہ تحقیق سے ان دونوں کے درمیان تعلق واضح طور پر سامنے آیا ہے۔
اسی طرح حکام کی جانب سے امرات میں کچھ اور پروگرام بھی متعارف کروائے ہیں جن کی بدولت ماحول کے تحفظ میں مدد ملے گی۔
انہی میں سے ایک کوڑا کرکٹ کو مربوط طور سے ٹھکانے کی حکمت عملی بھی شامل ہے، اسی طرح مچھلیاں پکڑنے کے پُر خطر استعمال یعنی جالوں پر پابندی اور کوڑا پھینکنے پر بھی پچھلے سال فیس مقرر کی گئی تھی۔
 علاوہ ازیں دبئی کی حکومت ایسے کئی منصوبوں میں بھی سرمایہ کاری کر رہی ہے جن کا مقصد کوڑا کرکٹ کو وسائل میں تبدیل کرنا ہے۔
حکومتی حکام کی جانب سے عام لوگوں کی حوصلہ افزائی کی جاتی ہے کہ وہ کچرے کو الگ اور تلف کرنے کے حوالے سے درست طریقہ استعمال کریں

شیئر: