Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی فارمولا ون ریس کا دوسرا راونڈ مارچ میں، آن لائن ٹکٹ دستیاب

دوسرا راونڈ 25 سے 27 مارچ تک جاری رہے گا( فائل فوٹو عرب نیوز)
فارمولا ون ایس ٹی سی سعودی گراں پری کے منتظمین نے اعلان کیا ہے کہ دسمبر میں پہلے راونڈ کی کامیابی کے بعد سعودی گراں کے دوسرے راؤنڈ کے ٹکٹ اب خریداری کے لیے دستیاب ہیں۔
عرب نیوز کے مطابق جدہ کورنیش سرکٹ، دنیا کا سب سے طویل اور تیز ترین سٹریٹ ٹریک پھر بہترین ڈرائیوروں کو چیلنج کرنے کی تیاری کر رہا ہے۔
سعودی گراں پری کی پروموٹر سعودی آٹوموبائل اینڈ موٹرسائیکل فیڈریشن کی سعودی موٹرسپورٹ کمپنی نے کہا کہ دنیا بھر سے شائقین 25 سے 27 مارچ تک ہونے والی ریس کے لیے آن لائن ٹکٹ خرید سکتے ہیں۔
سعودی موٹر سپورٹس کمپنی عوام کو خصوصی ’ارلی برڈ‘ ڈسکاؤنٹ اور آفرز دے رہی ہے جو 17 فروری تک ایک ہفتے تک جاری رہے گی۔
سعودی آٹو موبائل اینڈ موٹر سائیکل فیڈریشن اور سعودی موٹر سپورٹ کمپنی کے چیئرمین شہزادہ خالد بن سلطان عبداللہ الفیصل نے اس اعلان کا خیر مقدم کرتے ہوئے عوام پر زور دیا کہ وہ ٹکٹ بک کرائیں اور جلد از جلد ریزرویشن آفرز سے فائدہ اٹھائیں۔
انہوں نے کہا کہ ’ہمیں گزشتہ دسمبر میں پہلی حیرت انگیز ریس کے فوراً بعد سعودی عرب میں فارمولا ون کی واپسی کا خیر مقدم کرتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے جس نے اس بات کی تصدیق کی کہ جدہ کورنیش سرکٹ دنیا کا تیز ترین اور طویل ترین سرکٹ ہے۔‘
شہزادہ خالد نے کہا کہ ’شائقین نے ایکشن سے بھر پور شاندار ویک اینڈ کا لطف اٹھایا جس کا اختتام سیزن کی سب سے دلچسپ ریسوں میں سے ایک پر ہوا جس میں دنیا کے سب سے بڑے میوزک سٹارز کی تفریحی پرفارمنس شامل تھی۔ ‘
 انہوں نے مزید کہا کہ سعودی گراں پری کے منتظمین دوسرے راؤنڈ کو کامیاب بنانے کے لیے اپنی کوششوں کو مضبوط کریں۔

شیئر: