Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جنوری میں 345 ادارے سیل کیے: ایس ایف ڈی اے

146 غذائی ادارے بھی تفتیش کے دائرے میں آئے۔ (فوٹو مکہ اخبار)
سعودی فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی (ایس ایف ڈی اے) نے جنوری 2022  کے دوران مقررہ ضوابط کی خلاف ورزی پر 345 ادارے سیل کردیے۔ ایس ایف ڈی اے کے  انسپکٹرز نے خلاف ورزیاں ریکارڈ کرنے کے لیے مملکت کے تمام علاقوں اور شہروں کے تفتیشی دورے کیے تھے۔ 
ایس پی اے کے مطابق ایس ایف ڈی اے نے بتایا کہ 146 اداروں کے  یہاں فوڈ سسٹم کی خلاف ورزیاں ریکارڈ کی گئیں۔ کھانے پینے کی اشیا پر غذائیت کے حوالے سے سٹیکر چسپاں نہیں کیا گیا تھا۔ اس خلاف ورزی کی سزا دس لاکھ ریال تک جرمانہ اور خلاف ورزی کرنے والے کو  180 دن تک کسی بھی غذائی سرگرمی میں حصہ لینے سے ممانعت یا لائسنس کی منسوخی یا ایک برس تک لائسنس کی معطلی ہے۔ 

125 فارمیسیوں کے خلاف بھی کارروائی کی گئی۔ (فوٹو ایس پی اے)

تفتیشی دورے کرنے والے انسپکٹرز نے 125 فارمیسیوں میں الیکٹرانک سسٹم کے فقدان پر کارروائی کی۔ ایس ایف ڈی اے کی جانب سے پابندی ہے کہ ہر فارمیسی مکمل ای سسٹم کا اہتمام کرے اور ای سسٹم کی نگرانی سے اس کو مربوط رکھے۔ 
ایس ایف ڈی اے نے بتایا کہ اس خلاف ورزی کی سزا  50 لاکھ ریال تک جرمانہ اور 180 دن تک فارمیسی کو بند کرنا یا اس کا لائسنس منسوخ کرنا ہے۔ 
ایس ایف ڈی اے نے بتایا کہ میک اپ مصنوعات کے قانون کی خلاف ورزیاں 63 اداروں میں ریکارڈ پر آئیں۔ اس حوالے سے جو اہم خلاف ورزی تھی وہ یہ تھی کہ معلومات فراہم نہیں کی گئی تھیں جبکہ میک اپ کے سامان کے حوالے سے درست معلومات درج نہیں کی گئی تھیں۔ اس کی سزا 50 لاکھ ریال تک جرمانہ ، فیکٹری یا گودام کو اصلاح حال تک سیل کرنا یا فیکٹری یا گودام کا لائسنس منسوخ کرنا ہے۔ 
ایس ایف ڈی اے کے انسپکٹرز نے جانوروں کی ادویہ کے اداروں کی تفتیش کے دوران گیارہ اداروں میں قوانین کی خلاف ورزیاں ریکارڈ کیں۔ وہاں ایسی ادویہ پائی گئیں جو ریکارڈ پر نہیں تھیں۔ جبکہ ایسی اشیا درآمد کی گئیں یا ان کی مارکیٹنگ کی گئی یا ان کا کاروبار کیا گیا جن کا اندراج ریاست کے متعلقہ اداروں کے یہاں نہیں ہوا تھا۔ اس کی سزا پچاس لاکھ ریال تک جرمانہ، فیکٹری یا گودام کو اصلاح حال تک سیل کرنا یا لائسنس منسوخ کرنا ہے۔ 
 
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے اردو نیوز گروپ جوائن کریں

شیئر: