Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’نظر کمزور ہے‘ سڑک پر خاتون کو روندنے والے ڈرائیور کا بیان

خاتون اس وقت نظر آئی جب گاڑی قریب پہنچ چکی تھی (فوٹو عکاظ)
سعودی عرب کے باحہ ریجن میں سڑک کراس کرتے ہوئے خاتون کو روندنے پر تیز رفتار کار کے ڈرائیور نے اپنے دفاع میں یہ عذر پیش کیا کہ ’اس نظر کمزور ہے‘۔
سعودی نوجوان کا کہنا تھا کہ ’سڑک پار کرنے والی خاتون اس وقت نظر آئی جب گاڑی قریب پہنچ چکی تھی اور اسے بچانے کے لیے کچھ بھی کرنے کی پوزیشن میں نہیں رہا تھا‘۔ 
عکاظ اخبار کے مطابق سیکیورٹی فورس نے کار کے ڈرائیور سے ابتدائی پوچھ گچھ کے بعد بتایا کہ ’سعودی نوجوان کا موقف ہے کہ حادثہ بلا ارادہ ہوا۔ حادثے سے بچنے کی کوئی گنجائش نہیں تھی‘۔ 
جائے وقوعہ سے فرار ہونے سے متعلق سعودی نوجوان نے کہا کہ ’گھبرا گیا تھا۔ ایسا لگا کہ خاتون زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھی ہے اور کوئی فائدہ نہیں‘۔ 
سیکیورٹی اہلکار کا کہنا ہے کہ’ ایسا لگتا ہے کہ دوران ڈرائیونگ سعودی نوجوان کی نظر سڑک کے بجائے موبائل سکرین پر تھی‘۔
’جائے وقوعہ سے فرار ہونے پر اسے سخت سزا ہوگی۔ حادثے کے بعد گاڑی روک کر متاثرہ خاتون کی طبی مدد کے لیے ایمبولینس طلب کرنا اس کی ذمہ داری تھی‘۔
یاد رہے کہ باحہ ریجن میں رغدان کے مقام پر تیز رفتار کار نے سڑک کراس کرتے ہوئے خاتون کو روند ڈالا تھا۔
سیکیورٹی اہلکار نے بتایا کہ ’حادثے میں متاثرہ خاتون کی ہڈیاں بھی ٹوٹی ہیں مگر اب وہ خطرے سے باہر ہے‘۔
باحہ پولیس کے ترجمان کے مطابق ’ فوجداری جرائم کے سراغرساں ادارے نے ڈرائیور کو ٹریفک حادثے کے فوری بعد گرفتار  کرکے قانونی کارروائی کے بعد پبلک پراسیکیوشن کے حوالے کیا تھا‘۔

شیئر: