Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’یہ تو ٹورنامنٹ کا سب سے اچھا کیچ ہے‘

محمد حارث کی عمدہ فیلڈنگ پر انہیں خوب سراہا گیا (فوٹو: ویڈیو گریب)
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے پلے آف مرحلے میں پہنچنے والی دونوں ٹیموں پشاور زلمی اور لاہور قلندرز نے لیگ مرحلے کا آخری میچ کھیلا تو یہ نوجوان کرکٹر محمد حارث کے لیے یادگار لمحہ بن گیا۔
ہدف کے تعاقب میں بیٹنگ کرتی ہوئی لاہور قلندرزز کی ٹیم کے کھلاڑی کامران غلام نے ایک اونچا شاٹ کھیلا، پشاور زلمی کے فیلڈر کیچ کرنے کے لیے گیند کے نیچے پہنچے لیکن ہاتھ میں رکنے کے بجائے بول اچھل کر نیچے گرنے لگی۔
فیلڈر نے گیند گرنے سے روکنے کی دوسری کوشش کی مگر وہ زمین کی جانب بڑھتی بول کو روک نہ سکے۔ اس مرحلے پر باؤنڈری سے دوڑ کر قریب آنے والے محمد حارث نے پھرتی کا مظاہرہ کرتے ہوئے زمین کے قریب سے گیند کو تھام لیا۔
اس کیچ کے ساتھ لاہور قلندرز کے بلے باز کامران غلام کی وکٹ گری تو کمنٹری باکس سمیت گراؤنڈ میں موجود شائقین اور ٹیلی ویژن یا انٹرنیٹ پر اس لمحے کو دیکھنے والے محمد حارث کی پھرتی کی داد دیے بغیر رہ نہ سکے۔
محمد حارث کے کیچ کو دیکھنے والوں نے کہیں میچ کا اچھا تو کہیں ٹورنامنٹ کا سب سے اچھا کیچ قرار دیا۔ بات آگے بڑھی تو ٹویپس یہ تک کہہ گئے کہ یہ کیچ سال کے بہترین کیچز کے مقابلے میں شامل کیا جانا چاہیے۔
عمدہ فیلڈنگ پر تبصرہ کرنے والے راسب سعید نے لکھا ’بار بار دیکھ رہا ہوں یہ زبردست کیچ ہے۔‘

پیر کو کھیلے گئے میچ کی دوسری اننگز کو محمد حارث کے کیچ نے ایک ایسے وقت میں مسکراہٹوں کا موقع بنایا جب پہلی اننگز میں قلندرز کے بولر حارث رؤف کے ساتھ کھلاڑی کامران غلام کو تھپڑ مارنے کی وجہ سے کرکٹ فینز زیادہ خوش دکھائی نہ دے رہے تھے۔
حارث رؤف نے اپنا پہلا اوور کرایا تو زلمی کے بلے باز نے اونچا شاٹ کھیلا، کامران غلام گیند کے نیچے پہنچے لیکن وہ ان کے ہاتھوں میں رکنے کے بجائے زمین پر پہنچ گئی۔
اسی اوور میں حارث رؤف کی گیند پر محمد حارث کیچ آؤٹ ہوئے تو قلندرز کے کھلاڑی بولر کو مبارکباد دینے ان کے قریب آئے، کامران غلام قریب پہنچ کر حارث رؤف کو شاباش دینے لگے تو بولر نے انہیں تھپڑ دے مارا تھا۔

شیئر: