Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’نور کو اس دنیا میں انصاف مل گیا ہے‘ سیاسی و شوبز شخصیات کا فیصلے پر ردعمل

اسلام آباد کی ایک عدالت نے ظاہر جعفر کو سزائے موت سنادی ہے۔ (تصویر: اے ایف پی)
نور مقدم قتل کیس میں مجرم ظاہر جعفر کو سزائے موت اور دو ملازمین کو دس، دس سال سزا سنانے کے عدالتی فیصلے پر پاکستان میں خاص و عام شخصیات اطمینان کا اظہار کر رہی ہیں۔
پاکستان کے وزیر اطلاعات نے فیصلے پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے اپنی ایک ٹویٹ میں کہا کہ ’نور مقدم کیس میں پولیس اور پراسیکیوشن نے ذمہ داری پوری کی اور عدالت نے چار ماہ میں فیصلہ (نمٹایا)، یہ ہے وہ انصاف جس کی توقع پاکستانی عوام کرتے ہیں۔‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ ’امید ہے انصاف سے جڑے ادارے عوام کی توقعات پر پورا اتریں گے اور قانون کی عمل داری نافذ ہوگی۔‘

حزب اختلاف پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے اس حوالے سے لکھا کہ ’نور مقدم کے ریپ اور قتل سے انسانیت کے اجتماعی ضمیر پر جو زخم لگے ہیں وہ شاید کبھی نہ بھریں لیکن ایک بات کی تسلی ہے کہ انسان کے روپ میں درندوں کو اس بات کا ادراک ہوگا کہ ایسا کرنے کے نتائج سنگین ہوں گے۔‘

مجرم ظاہر جعفر کو سزائے موت دیے جانے پر پاکستانی شوبز ستارے بھی اپنی آراء کا اظہار کر رہے ہیں۔
ماہرہ خان نے ایک ٹویٹ میں کہا کہ ’نور کو اس دنیا میں انصاف مل گیا ہے۔‘

ماورا حسین نے ایک ٹویٹ میں فیصلے پر اللہ کا شکر ادا کرتے ہوئے کہا کہ نور مقدم کو انصاف مل گیا ہے۔

ماڈل و اداکارہ زارا نور  عباس نے انسٹاگرام پوسٹ میں کہا کہ ’پاکستان کے عدالتی نظام پر میرا اعتماد بحال ہوگیا ہے۔‘

خیال رہے کہ اسلام آباد کے پوش سیکٹر ایف سیون میں گذشتہ برس عید الضحیٰ سے ایک روز قبل سابق سفیر شوکت مقدم کی 28 سالہ بیٹی کے بہیمانہ قتل نے عوام کی توجہ حاصل کر رکھی ہے۔
پچھلے سال 20 جولائی کو واردات ہونے کے بعد کیس کے ٹرائل کا اکتوبر میں آغاز ہوا جو چار ماہ میں اختتام پذیر ہوا۔

شیئر: