Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اسلام آباد یونائیٹڈ کو چھ رنز سے شکست، لاہور قلندرز فائنل میں

لاہور قلندرز کے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا (فوٹو: پی ایس ایل)
پاکستان سُپر لیگ (پی ایس ایل) کے ساتویں ایڈیشن کے دوسرے ایلیمینیٹر میچ میں لاہور قلندرز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو چھ رنز سے شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی لرلیا۔
جمعے کو قذافی سٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ لاہور قلندرز کے 169 رنز کے ہدف کے تعاقب میں  162 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کے ول جیکس صفر جبکہ پال سٹرلنگ 13 رنز بنا کر شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر آؤٹ ہو گئے۔ اعظم خان 40 اور آصف علی 25 بنا کر آؤٹ ہوئے۔
لیام ڈاؤسن 12 جبکہ اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان 14 رنز بنا کر زمان خان کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔ محمد وسیم نے پانچ اور حسن علی نے چھ رنز بنائے۔ 
لاہور قلندرز کے شاہین شاہ آفریدی، سیمت پٹیل اور حارث رؤف نے دو،دو جبکہ ڈیویڈ ویزا نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
اس سے قبل لاہور قلندرز کے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 169 رنز بنائے۔
لاہور قلندرز کے عبداللہ شفیق 28 گیندوں پر 52 رنز بنا کر وقاص مقصود کی گیند پر شاداب خان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔ محمد حفیظ 28 گیندوں پر 28 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ ڈیوڈ ویزا آٹھ گیندوں پر 28 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ 
لاہور قلندر کے فخر زمان ایک اور فِل ساٹ دو رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔ کامران غلام  30 اور سیمت پٹیل 21 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ 
اسلام آباد یونائیٹڈ کے لیام ڈاؤسن اور محمد وسیم نے دو، دو جبکہ شاداب خان اور وقاص مقصود نے لاہور قلندرز کے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ 
اسلام آباد یونائیٹڈ کو ہرانے کے بعد لاہور قلندرز کی ٹیم اب اتوار کو پی ایس ایل کے فائنل میں ملتان سلطانز کا مقابلہ کرے گی۔

شیئر: