Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پی ایس ایل: ملتان سلطانز کی لاہور قلندرز کو 28 رنز سے شکست دے دی

ملتان سلطانز نے لاہور قلندرز کو جیت کے لیے 164 رنز کا ہدف دیا تھا (فائل فوٹو: پی سی بی)
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیون کے پہلے کوالیفائر میچ میں ملتان سلطانز نے لاہور قلندرز کو 28 رنز سے شکست دیتے ہوئے فائنل تک رسائی حاصل کر لی ہے۔
بدھ کو لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں لاہور قلندرز کی ٹیم 164 رنز کے تعاقب میں 135 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔
لاہور قلندرز کی یکے بعد دیگرے تین وکٹیں گرنے کے بعد فخر زمان نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ایک اوور میں لگاتار تین چھکے لگا کر ٹیم کو کچھ سنبھالا دیا۔
تاہم ہیری بروک کے آؤٹ ہونے کے بعد فخر زمان 63 رنز پر پویلین لوٹ گئے، جبکہ ان کے بعد آنے والے شاہین آفریدی اور ڈیوڈ ویزا بھی زیادہ دیر کریز پر نہ ٹھہر سکے۔
لاہور قلندرز کی جانب سے کامران غلام نے 20، ہیری بروک نے 13 اور سیمت پٹیل نے 11 رنز بنائے۔
ملتان سلطانز کی جانب سے شاہ نواز دھانی نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ ڈیوڈ ویلی نے دو وکٹیں حاصل کیں۔
قبل ازیں ملتان سلطانز نے لاہور قلندرز کی دعوت پر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں دو وکٹوں کے نقصان پر 163 رنز بنائے تھے۔
ملتان سلطانز کو شروع میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا تھا اور  صرف تین کے سکور پر ہی شان مسعود آؤٹ ہو گئے تھے جبکہ عامر عظمت کی وکٹ 50 کے مجموعی سکور پر گری۔
اس کے بعد ملتان سلطانز کے بلے بازوں نے محتاط بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور سکور بھی سست رفتاری سے آگے بڑھتا رہا۔
ملتان سلطانز کی جانب سے محمد رضوان نے 63 جبکہ روسو نے 65 رنز بنائے، جبکہ ان سے قبل آؤٹ ہونے والے عامر عظمت نے 33 اور شان مسعود نے دو رنز بنائے تھے۔
لاہور قلندرز کی جانب سے سیمت پٹیل اور محمد حفیظ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
اس میچ سے ملتان سلطانز کے فائنل میں پہنچنے کا فیصلہ تو ہو چکا ہے تاہم دوسری ٹیم کا فیصلہ ہونا ابھی باقی ہے اور وہ لاہور قلندرز بھی ہو سکتی ہے۔

 

شیئر: