Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

دبئی: کورونا ضوابط میں نرمی، کھلے مقامات پر ماسک کی پابندی ختم

دبئی آنے والے ویکسین یافتہ افراد کو پی سی آر کی ضرورت نہیں ہوگی(فوٹو، ٹوئٹر)
دبئی میں کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے اختیار کی جانے والی احتیاطی تدابیرمیں نرمی کرتے ہوئے کھلے مقامات پر ماسک پہننے کی پابندی کو اختیاری کردیا گیا ہے۔
امارات الیوم اخبار کے مطابق دبئی میں نیشنل ایمرجنسی کرائسز اینڈ ڈزاسٹرمینجمنٹ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ ایمرجنسی کرائسز کی اعلٰی کیمٹی نے کورونا کی وبا کے حالات کا باریک بینی سے مشاہدہ کرنے کے بعد فیصلہ کیا ہے کہ کھلے مقامات پرماسک کی پابندی ختم کردی جائے۔
کھلے مقامات پرماسک کی پابندی کے خاتمے پرعمل درآمد سنیچر 26 فروری کردیا گیا ہے۔ اتھارٹی نے مزید کہا ہے کہ بند مقامات پرماسک پہننے کی پابندی برقرار رہے گی۔
اتھارٹی کی جانب سے جاری احتیاطی تدابیر کے حوالے سے مزید کہا گیا ہے کہ وہ افراد جو کورونا کے مریضوں سے رابطے میں رہے ان کے لیے آئسولیشن کی پابندی بھی ختم کردی گئی ہے البتہ ان میں کسی قسم کی علامت پائے جانے کی صورت میں وہ آئسولیشن کی پابندی کریں۔
دبئی آنے اورجانے والے مسافروں کے حوالے سے بھی کورونا ایس اوپیز میں نرمی کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ دبئی آنے والے ایسے مسافرجوویکسین یافتہ ہوں انہیں کیوآر کوڈ پرمبنی ویکسینیشن کا سرٹیفکیٹ پیش کرنا ہوگا۔
دبئی آنے والے غیر ویکسین یافتہ مسافروں کےلیے لازمی ہے کہ وہ منظورشدہ طبی مرکز سے پی سی آر ٹیسٹ کی رپورٹ پیش کریں جو سفرسے زیادہ سے زیادہ 48 گھنٹے قبل کی ہو ۔ غیر ویکسین یافتہ ایسے مسافرجو کورونا سے صحتیاب ہوچکے ہوں اور یہ عرصہ ایک ماہ سے زیادہ نہ ہو وہ بھی کیو آر کوڈ پرمبنی شفایابی کی رپورٹ پیش کریں گے۔

شیئر: