Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

یوکرین میں انٹرنیٹ نظام متاثر، ایلون مسک کا سٹارلنک ’ایکٹیو‘

ایلون مسک کا کہنا تھا کہ ’سٹارلنک سروس اب یوکرین میں ایکٹیو ہے۔‘ فائل فوٹو: ان سپلیش
یوکرین میں انٹرنیٹ کا نظام متاثر ہونے کی وجہ سے ٹیسلا کے سربراہ ایلون مسک کی کمپنی سپیس ایکس نے انٹرنیٹ کی سہولت فراہم کی ہے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق سنیچر کو ایلون مسک کا ٹوئٹر پر کہنا تھا کہ ’سٹارلنک سروس اب یوکرین میں ایکٹیو ہے۔ مزید ٹرمینلز بھی کھولے جا رہے ہیں۔‘
اس ٹویٹ کے تقریباً 10 گھنٹے قبل یوکرین کے وزیر برائے ٹرانسفارمیشن میخائیو فودورؤ نے ایلون مسک سے انٹرنیٹ کی فراہمی کی درخواست کی تھی۔
ایلون مسک کو مخاطب ہوتے ہوئے یوکرینی وزیر نے ٹویٹ کی کہ ’جس دوران آپ مریخ کو آباد کرنے کی تیاری کر رہے ہیں۔۔۔ روس یوکرین پر قبضہ کرنے کی کوشش کر رہا ہے! جس دوران آپ کے راکٹ خلا پر لینڈ کر رہے ہیں۔۔۔ روسی راکٹ یوکرینی عوام پر حملہ کر رہے ہیں! ہم آپ سے یوکرین کو سٹارلنک سٹیشن فراہم کرنے کی گزارش کر رہے ہیں۔‘
انہوں نے ارب پتی ایلون مسک سے یہ بھی کہا تھا کہ وہ سمجھدار روسیوں سے کہیں کہ اپنی حکومت کے حملوں کے خلاف آواز اٹھائیں۔
انٹرنیٹ مانیٹر نیٹ بلاکس کا کہنا ہے کہ جمعرات کو روسی حملے کے بعد یوکرین کو انٹرنیٹ سروس میں مسلسل مشکل کا سامنا ہوا ہے۔
سٹارلنک کے دو ہزار سیٹلائٹس ہیں جن کا مقصد پوری دنیا کو انٹرنیٹ فراہم کرنا ہے۔
کمپنی نے جمعے کو مزید 50 سٹارلنک سیٹلائٹ لانچ کیں۔

شیئر: