Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان سپر لیگ سیون فائنل: ’رانا صاحب، ہن تے آ جاؤ‘

فائنل میں سست پچ نے بیٹسمینوں کو کھل کر کھیلنے نہ دیا (فوٹو: پی ایس ایل)
پاکستان سپر لیگ سیزن سیون (پی ایس ایل 7) کا فائنل شروع ہوا تو وکٹ پر بیٹنگ جتنی سست رہی، قذافی سٹیڈیم میں موجود تماشائیوں کا جوش وخروش اتنا ہی جذبات سے بھرپور رہا۔
ہزاروں کی تعداد میں فائنل دیکھنے کے لیے آنے والے لاہوریوں کو سٹیڈیم میں موجود دلچسپیوں کے باوجود پی ایس ایل فرنچائز لاہور قلندرز کے مالک کی یاد ستائی تو ’رانا صاحب‘ کو تلاش کرتے رہے۔
پی ایس ایل کے گزشتہ سیزنز میں گراؤنڈ میں موجود رہنے اور اپنے انداز کی وجہ سے دلچسپی کا مرکز رہنے والے فواد رانا اس مرتبہ ٹورنامنٹ میں ماضی کی طرح باربار دکھائی نہیں دیے ہیں۔
میچ دیکھنے کے لیے سٹیڈیم میں موجود ایک تماشائی کے ہاتھ میں موجود پوسٹر کیمرے نے محفوظ کیا تو اس پر لکھا دلچسپ مطالبہ دیکھنے والوں کے چہروں پر مسکراہٹ بکھیر گیا۔
لاہور قلندرز کے مالک کو مخاطب کرتے ہوئے کرکٹ شائق نے اپنے پوسٹر پر لکھا تھا ’رانا صاحب ہن تے آ جاؤ۔‘
اب تک پی ایس ایل ٹرافی جیتنے سے محروم لاہور قلندرز کی ٹیم کی کارکردگی میں اتارچڑھاؤ کے ہر موقع پر کرکٹ فینز ’رانا صاحب‘ کو یاد کرنا نہیں بھولتے۔ یہ پوسٹر بھی ایسے ہی موقع کے طور پر دیکھا گیا۔
فائنل میچ میں دھواں دھار بیٹنگ کے متمنی شائقین ابتدائی اوورز میں اس سے محروم رہے تو وہ کھیل کے دوران سامنے آنے والے دلچسپ لمحات سے محظوظ ہونے کی کوشش کرتے رہے۔
قلندرز کے اوپنر فخرزمان باؤنڈری پر شاہنواز دھانی کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے تو فیلڈر کے انداز نے دیکھنے والوں کو تفریح کا موقع مہیا کیا۔

محمد حفیظ نے پی ایس ایل سیون میں پہلی نصف سنچری بنائی (فوٹو: پی ایس ایل)

اپنی بولنگ کے دوران کپتان محمد رضوان کو باربار ریویو لینے پر مجبور کرنے والے عمران طاہر کو روک کر محمد حفیظ نے ان سے گفتگو کی تو واپس وکٹ پر آتے ہوئے وہ اور سلطانز کے کپتان مسکراتے رہے۔
فائنل میچ شروع ہونے سے قبل پی ایس ایل کی اختتامی تقریب میں آتش بازی کے مناظر اور پی سی بی چیئرمین رمیز راجہ کا یونیفارم پہنچے بچوں کی قیادت کرتے ہوئے گراؤنڈ میں چلنا بھی توجہ سے دیکھا گیا۔
محمد حفیظ نصف سنچری اننگز کھیلے کے بعد آؤٹ ہوئے تو شاہنواد دھانی نے اپنی منفرد دوڑ لگانے سے قبل امپائر علیم ڈار سے اجازت لی اور مثبت جواب ملنے پر ہنستے ہوئے ساتھی کھلاڑیوں کا رخ کیا تو یہ منظر بھی نظرانداز نہیں کیا گیا۔
ملتان سلطانز کے فیلڈر شان مسعود نے ساتھی کھلاڑی کے ساتھ مل کر باؤنڈری پر خوبصورت کیچ لیا اور کامران غلام کو پویلین واپس بھیجا تو سٹیڈیم میں اٹھنے والے شور سے واضح تھا کہ اس مرحلے کو بھی تماشائیوں نے خوب انجوائے کیا ہے۔

شیئر: