Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

حسن علی کا انگلش کاؤنٹی لنکاشائر کے ساتھ معاہدہ، اپریل میں اِن ایکشن

حسن علی کا کہنا ہے کہ ’میں اپریل میں سکواڈ میں شامل ہونے کا بے تابی سے منتظر ہوں‘ (فوٹو:اے ایف پی)
انگلش کاؤنٹی نے اعلان کیا ہے کہ پاکستان کے فاسٹ بولر حسن علی نے 2022 کے سیزن کے لیے لنکاشائر میں شمولیت اختیار کر لی ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق 27 سالہ کھلاڑی جنہوں نے 17 ٹیسٹ میں 72 وکٹیں حاصل کی ہیں، اگلے ماہ (اپریل) شروع ہونے والی فرسٹ کلاس کاؤنٹی چیمپئن شپ میں لنکاشائر کے ابتدائی چھ میچوں کے لیے دستیاب ہوں گے۔
حسن نے لنکاشائر کی ویب سائٹ کو بتایا کہ ’میں اپنے کیریئر میں پہلی بار انگلینڈ میں کاؤنٹی کرکٹ کھیلنے کے لیے بہت پرجوش ہوں۔‘
انہوں نے کہا کہ ’ایمریٹس اولڈ ٹریفورڈ ایک سٹیڈیم ہے جو 2016 میں انگلینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل ڈیبیو کرنے کے بعد میرے لیے خاص یادیں رکھتا ہے۔‘
حسن علی نے بتایا کہ ’مجھے پاکستان کے ایک لیجنڈ وسیم اکرم کے نقش قدم پر چلنے پر بہت فخر ہے جو لنکاشائر کے ساتھ ہمیشہ اپنے وقت کے بارے میں بہت زیادہ بات کرتے ہیں۔‘
’میں اپریل میں سکواڈ میں شامل ہونے کا بے تابی سے منتظر ہوں اور مجھے امید ہے کہ میں جو کھیل کھیلتا ہوں اس میں اہم کردار ادا کروں گا۔‘
لنکاشائر کے ہیڈ کوچ گلین چیپل کا کہنا ہے کہ ’حسن ایک اعلیٰ معیار کے کھلاڑی ہیں اور فرسٹ کلاس اور ٹیسٹ میچ کرکٹ میں ان کا ریکارڈ اچھا ہے۔ ہمیں یقین ہے کہ ان کی سرخ گیند کی مہارت سے ہمیں فائدہ ہوگا اور بین الاقوامی سطح پر انہوں نے جو تجربہ حاصل کیا ہے وہ ہمارے ڈریسنگ روم میں بہت کچھ لا سکتا ہے۔‘

شیئر: