Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

فرسٹ لیڈی یا مِس یوکرین، بندوق اٹھائے خاتون کون ہیں؟

سوشل میڈیا پر بندوق اٹھائے خاتون کے بارے میں بتایا جا رہا ہے کہ وہ یوکرینی صدر کی اہلیہ ہیں (فوٹو: اے ایف پی)
یوکرین کی موجودہ صورتحال کی وجہ سے صدر ولادومیر زیلنسکا اس وقت عالمی توجہ کا مرکز بنے ہوئے ہیں، جبکہ دوسری جانب سوشل میڈیا پر یوکرین کی ایک ایسی خاتون کی تصویر گردش کر رہی ہے، جنہوں نے بندوق تھام رکھی ہے، اس کے بارے میں دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ وہ صدر ولادیمیر زیلنسکی کی اہلیہ اولینا زیلنسکی ہیں۔
برطانوی خبررساں ادارے روئٹرز کے مطابق سوشل میڈیا پر یہ تصویر بڑے پیمانے پر شیئر ہو رہی ہے جبکہ ہزاروں کی تعداد میں صارفین اس کو لائیک بھی کر چکے ہیں۔
تصویر شیئر کرنے والوں کی جانب سے کہا جا رہا ہے کہ تصویر خاتون اول کی ہے اور وہ اپنے ملک یوکرین پر روسی حملے کے خلاف مزاحمت کے لیے نکلی ہیں۔
 روئٹرز نے اپنی ایک رپورٹ میں کہا ہے کہ ایجنسی کی خبروں کی تصدیق کرنے والی ٹیم نے یہ نتیجہ اخذ کیا کہ ہے کہ یہ تصویر اولینا زیلنسکا کی نہیں بلکہ سابقہ مس یوکرین کی ہے۔
لینا نے روسی حملوں سے  قبل بھی کچھ تصاویر شئیر کی تھیں، جن میں وہ فوجیوں کا سا انداز اپنایا تھا اور رائفل تھام رکھی تھی جبکہ کچھ تصاویر میں وہ ایئر سافٹ کھیلتی دکھائی دیں، اس گیم میں بندوقوں کا استعمال کیا جاتا ہے۔
28 فروری کو شیئر کی گئی ایک ایک پوسٹ میں لینا نے اس بات کی تصدیق کی کہ ان کے ہاتھ میں موجود ہتھیار ایک ائیر سافٹ گن تھی۔ انہوں نے یہ پوسٹ شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’میں فوجی نہیں ہوں، صرف ایک عام انسان اور خاتون ہوں، بالکل ویسے ہی جیسے اس ملک کے عام لوگ ہیں۔‘
اس گیم کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے لکھا کہ ’میں برسوں سے ائیر سافٹ کی کھلاڑی ہوں، آپ چاہیں تو اس کے بارے میں گوگل بھی کر سکتے ہیں کہ یہ کیا گیم ہے۔‘
یاد رہے کہ روس کی جانب سے یوکرین میں شروع کیے گئے فوجی آپریشن کو ایک ہفتہ ہو گیا ہے، جس میں سینکڑوں فوجیوں کے علاوہ عام شہری بھی ہلاک ہو چکے ہیں اور اس وقت بھی لڑائی جاری ہے۔

شیئر: