Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

راولپنڈی ٹیسٹ: امام الحق کی سینچری، پاکستان نے ایک وکٹ پر 245 رنز بنا لیے

پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان 24 برس بعد پاکستان کی سرزمین پر ہونے والی تاریخی ٹیسٹ سیریز کے پہلے میچ کے پہلے روز پاکستان نے ایک وکٹ کے نقصان پر 245 رنز بنائے ہیں۔
راولپنڈی سٹیڈیم میں ہونے والے مقابلے میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔
امام الحق نے بہترین پرفارمنس پیش کرتے ہوئے 132 رنز بنائے ہیں۔ مام الحق نے 14 چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے اپنی سنچری مکمل کی۔
پہلے دن کا کھیل ختم ہوا تو امام الحق 132 اور اظہر علی 64 رنز بناکر کریز پر موجود تھے۔
پاکستان کی پہلی وکٹ عبداللہ شفیق کی گری جو 44 رنز پر کیچ آؤٹ ہو گئے۔
جمعے کو میچ شروع ہونے سے پہلے پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم کا کہنا ہے کہ ’ اچھی کرکٹ کھیلنے کی کوشش کریں گے، وکٹ اچھی لگ رہی ہے آخری دنوں میں سپنبرز کے لیے سازگار ہو سکتی ہے۔‘
راولپنڈی ٹیسٹ کے لیے پاکستان کی ٹیم میں کپتان بابر اعظم کے علاوہ امام الحق، عبداللہ شفیق، اظہر علی، فواد عالم، افتخار احمد، محمد رضوان، نعمان علی، ساجد خان، شاہین شاہ آفریدی اور نسیم شاہ شامل ہیں۔
دوسری جانب آسٹریلیا کی ٹیم میں کپتان پیٹر کمنز، عثمان خواجہ، ڈیوڈ وارنر، مارنس لامبوشین، سٹیون سمتھ، ٹریوس ہیڈ، کیمرون گرین، الیکس کیری، مچل سٹارک، ناتھن لائن اور جوش ہیزل وڈ شامل ہیں۔
جمعے کو راولپنڈی سٹیڈیم میں کرکٹ آسٹریلیا اور آئی سی سی کے عہدیداروں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو فیصل حسنین نے کہا کہ پاکستان کی کرکٹ کا آج اہم دن ہے۔
انہوں نے کہا کہ’ فخر ہے میرے ساتھ کرکٹ آسٹریلیا کے عہدیداران بیٹھے ہیں۔ آسٹریلیا کے دورہ پاکستان پر شکرگزار ہیں، پاکستانی عوام کی جانب سے تمام مہمانوں کو خوش آمدید کہتے ہیں۔‘
فیصل حسنین نے کہا کہ ’پاکستانی کرکٹ ٹیم کے مداحوں نے آسٹریلیا کی ٹیم کو دیکھنے کے لیے 24 سال انتظار کیا، پاکستان آسٹریلیا کی کرکٹ سیریز کرکٹ سے بڑھ کر ہے۔ حالیہ سیریز سے دنیا کو مثبت اور مضبوط پیغام جائے گا۔‘


آسٹریلین کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو نک ہاکلے نے کہا کہ ’پاکستان میں آج تاریخی دن ہے (فوٹو اے ایف پی)

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے چیف ایگزیکٹو ایلر ڈائس نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان تاریخی ٹیسٹ سیریز ہونے جا رہی ہے، آسٹریلیا کا دورہ پاکستان ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ کے لیے بھی اہم ہے۔
آسٹریلین کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو نک ہاکلے نے کہا کہ ’پاکستان میں آج تاریخی دن ہے جس کے لیے ہم نے انتھک کام کیا ہے۔ پی سی بی اور پاکستان میں کرکٹ کے مداحوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’پاکستان میں کرکٹ کی تیاریاں دیکھ کر اعتماد مزید بڑھ گیا ہے۔‘

شیئر: