Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ویزا، ماسٹر کارڈ کے آپریشن کی معطلی کے بعد روس کا انحصار چین کی ’یونین پے‘ پر

سبر بینک نے ایک بیان میں کہا کہ وہ یونین پے پر کام کر رہا ہے (فوٹو اے ایف پی)
یوکرین میں فوجی مداخلت کرنے پر ویزا اور ماسٹر کارڈ کی جانب سے روس میں آپریشن معطل کرنے کے بعد روسی بینکوں نے کہا ہے کہ وہ چین کی سروس ’یونین پے‘ کا استعمال کریں گے۔
فرانسیسی خبر ایجنسی اے ایف پی کے مطابق سنیچر کو ویزا اور ماسٹر کارڈ نے کہا تھا کہ روسی شہریوں کے کارڈ عالمی سطح پر قبول نہیں کیے جائیں گے اور نہ ہی بیرون ملک جاری کیے گئے کارڈ روس میں استعمال ہو سکیں گے۔
روس کے دو بڑے بینکوں سبر بینک اور الفا بینک نے کہا ہے کہ وہ یونین پے کی سروس حاصل کرنے پر کام کر رہے ہیں۔
سبر بینک نے ایک بیان میں کہا کہ ’سبر بینک یونین پے پر کام کر رہا ہے۔ ہم اس حوالے سے آپ کو مزید آگاہ کریں گے۔‘
الفا بینک کا کہنا ہے کہ وہ پہلے ہی چین کا نیشنل پیمنٹ سسٹم ’یونین پے‘ لانچ کرنے پر کام کر رہا ہے۔
ان کے علاوہ روس بینک، ٹنکاف بینک اور کریڈٹ بینک آف ماسکو کا بھی کہنا ہے کہ وہ یونین پے کارڈ جاری کرنے پر کام کر رہے ہیں۔
یوکرین پر حملے کے بعد روس کی معیشت اور خاص طور پر فنانشل سیکٹر کو غیر معمولی پابندیوں کا سامنا ہے۔
روس کے سینٹرل بینک نے کہا ہے کہ قومی بینکوں کی جانب سے جاری ویزا اور ماسٹر کارڈ معیاد ختم ہونے تک روس میں استعمال کیے جا سکیں گے۔
تاہم بینک نے بیرون ملک سفر کرنے والے روسی شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ ان کے پاس ادائیگی کے متبادل ذرائع ہونے چاہیں۔

شیئر: