Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

آرمی پبلک سکول میں زخمی ہونے والا طالب علم آکسفورڈ یونین کا صدر منتخب

احمد نواز کے بھائی اس حملے میں ہلاک ہونے والوں میں شامل تھا۔ (تصویر: احمد نواز/ٹوئٹر)
سنہ 2014 میں پشاور میں آرمی پبلک سکول حملے میں زخمی ہونے والے احمد نواز برطانوی یونیورسٹی آکسفورڈ کی یونین کے صدر منتخب ہوچکے ہیں۔
اپنی ایک ٹویٹ میں احمد نواز نے لکھا کہ ’آج میری زندگی کا سب سے یادگار اور تاریخی لمحہ ہے۔ مجھے یہ اعلان کرنے میں فخر ہے کہ مجھے آکسفورڈ یونین کا صدر منتخب کرلیا گیا ہے۔‘
انہوں نے تمام لوگوں کی حمایت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ’میں اپنے والدین اور دوستوں کا انتہائی شکرگزار ہوں جنہوں نے مجھے ہر چیز پر سپورٹ کیا اور میرے سفر میں میرا ساتھ دیا۔‘
واضح رہے 16 دسمبر 2014 میں کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے عسکریت پسندوں نے پشاور میں واقع آرمی پبلک سکول پر حملہ کیا تھا جس میں 141 بچوں سمیت 150 سے زائد لوگ ہلاک ہوگئے تھے۔
احمد نواز کی عمر اس وقت 14 برس تھی اور اس حملے میں ان کے 13 سالہ بھائی حارث نواز سر میں گولی لگنے کے باعث اپنی جان کھو بیٹھے تھے۔
اس حملے میں احمد نواز بھی زخمی ہوئے تھے اور انہیں علاج کے لیے فروری 2015 میں علاج کے لیے برطانیہ منتقل کیا گیا تھا۔
اس سے قبل پاکستان کی سابق وزیراعظم بے نظیر بھٹو بھی آکسفورڈ یونین کی صدر رہ چکی ہیں اور انہیں آکسفورڈ یونین کی پہلی غیر ملکی صدر ہونے کا اعزاز بھی حاصل رہا ہے۔

شیئر: